کرکٹ میچ کے دوران سٹیڈیم میں سانپ کے نمودار ہونے کی ویڈیو سری لنکن کرکٹ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی گئی تھی، جہاں کمنٹیٹرز کرکٹ گراونڈ میں اس پر تبصرہ کر رہے ہیں۔
12 مارچ ، 2025
لاہور میں 26 فروری کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے کرکٹ مقابلے کے بعد ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔
اس ویڈیو میں ایک سانپ کو باؤنڈری وال کے قریب رینگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کو بڑے پیمانے پر اس دعویٰ کے ساتھ شیئر کیا گیا کہ یہ مناظر افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے ہیں۔
دعوی غلط ہے، ویڈیو پاکستان کی نہیں ہے۔
26 فروری کوایک صارف نے X (سابقہ ٹوئٹر) پر 25 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی، جس میں مبینہ طور پر افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل کوالیفائنگ میچ کے دوران ایک سانپ کو میدان میں رینگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
صارف نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا: ”[سانپ] نے میچ کے دوران لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں انٹری دی۔“ یہ پوسٹ بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی، جسے اب تک 6 لاکھ 36 ہزار سے زائد بار دیکھا اور تقریباً 300 مرتبہ ری پوسٹ کیا گیا ہے۔
یہ دعویٰ یہاں پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔
دراصل، یہ ویڈیو پاکستان نہیں بلکہ سری لنکا میں ایک کرکٹ میچ کے دوران ریکارڈ کی گئی ہے۔
جیو فیکٹ چیک نے گوگل ریورس امیج سرچ سے تصدیق کی کہ یہ ویڈیو 12 اگست 2023 کو سری لنکا پریمیئر لیگ کے دوران ریکارڈ کی گئی تھی۔
یہ ویڈیو سری لنکا کےکرکٹ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی گئی تھی، جہاں کمنٹیٹرز کو گراونڈ میں سانپ پر تبصرہ کرتے سنا جا سکتا ہے۔
جبکہ درحقیقت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں لاہور کے میچ کے مناظر شامل کرکے اسے ایڈٹ کیا گیا ہے، جس سے ایسا تاثر دیا گیا کہ سانپ قذافی اسٹیڈیم میں دیکھا گیا تھا۔
اس وقت کی متعدد میڈیا رپورٹس بھی اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ سانپ کو سری لنکا پریمیئر لیگ کے دوران دیکھا گیا تھا۔ دی ٹائمز آف انڈیا کی 2023 کی رپورٹ یہاں پڑھی جا سکتی ہے۔
فیصلہ: میچ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب سانپ کی ویڈیو چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کی نہیں، بلکہ سری لنکن پریمیئر لیگ 2023 کی ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں