Time 12 مارچ ، 2025
دنیا

مقبوضہ بیت المقدس: مشہور بک شاپ پر اسرائیلی پولیس کا چھاپہ، مالک گرفتار

مقبوضہ بیت المقدس: مشہور بک شاپ پر اسرائیلی پولیس کا چھاپہ، مالک گرفتار
اسرائیلی پولیس نے ’دی ایجوکیشنل بک شاپ‘ پر چھاپہ مار کر نوام چومسکی اور مورخ الیان پاپے سمیت مشہور مصنفین کی کتابیں ضبط کر لیں/ فائل فوٹو

مقبوضہ بیت المقدس کی مشہور بک شاپ ’دی ایجوکیشنل بک شاپ‘ پر اسرائیلی پولیس نے چھاپہ مار کر اس کے مالک عماد منی کو گرفتار کر لیا۔ 

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی بغیر کسی وارنٹ کے کی گئی جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے سخت مذمت کی ہے۔

اسرائیلی پولیس نے کارروائی کے دوران برطانوی آرٹسٹ بینکسی، نوام چومسکی اور مورخ الیان پاپے سمیت مشہور مصنفین کی کتابیں ضبط کرلیں اور دکان کو سیل کرنے کا حکم جاری کیا۔

مشرقی بیت المقدس میں قائم یہ بک شاپ اسرائیل، فلسطین تنازع اور یروشلم کی تاریخ پر منفرد مواد فراہم کرنے کے لیے مشہور ہے۔

اسرائیلی پولیس کا دعویٰ ہے کہ چھاپہ کتابی مواد کی جانچ کے لیے مارا گیا جو مبینہ طور پر امن عامہ میں خلل ڈال رہا تھا تاہم مالک نے ان الزامات کو مسترد کردیا۔

اسرائیل کی انسانی حقوق تنظیموں نے اس کارروائی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آزادیِ اظہار اور کتابوں کی رسائی پر حملہ ہے۔

دکان مالک نے اسرائیلی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ضبط کی گئی کتابیں اسرائیل کی نیشنل لائبریری میں بھی موجود ہیں، اگر اسرائیل کتابوں پر پابندی لگانا چاہتا ہے تو اسے ایک فہرست شائع کرنی چاہیے کہ کون سی کتابیں جائز اور کون سی ممنوع ہیں۔ 

مالک عماد منی کے مطابق پچھلے ماہ بھی ان کے بیٹے اور نواسے کو گرفتار کیا گیا تھا اور کئی دن بغیر کسی قانونی اجازت نامے کے حراست میں رکھا گیا۔

مزید خبریں :