13 مارچ ، 2025
اداکارہ جویریہ سعود کے پانی سے متعلق دیے گئے بیان پر سوشل میڈیا صارفین حیران وپریشان ہوکر مختلف و دلچسپ تبصرے کرنے لگے۔
حال ہی میں کیے گئے ایک ٹی وی شو کے دوران میزبان جویریہ سعود نے مہمان اداکارہ ایمن خان کو جاپانی سائنسدان کی پانی پر کی گئی ریسرچ سے متعلق بتایا کہ ’ہر پانی کی اپنی تاثیر ہوتی ہے‘۔
جویریہ سعود کے مطابق ’جاپانی سائنسدان نے بتایا تھا کہ پانی کے اندر جذبات ہوتے ہیں وہ سن سکتا ہے، اس سائنسدان نے 2 پانی کی بوتلوں کو اپنے پاس رکھا ایک بوتل پر اچھی اچھی باتیں کی اور ایک بوتل پر بری بری باتیں کی، کچھ وقت گزرنے کے بعد جب سائنسدان نے ان بوتلوں کے پانی کا مشاہدہ کیا تو اچھی باتوں والا پانی صاف تھا جب کہ بری باتوں والا پانی گندا ہوچکا تھا‘۔
اس ریسرچ کو بنیاد بناتے ہوئے جویریہ سعود نے دعویٰ کیا’ ہم بھی جو کھانا بناتے ہیں اس کھانے میں چونکہ 3 حصے پانی اور ایک حصہ مواد ہوتا ہے اور اس کھانے کو جب ہم دل سے بناکر گھر والوں کے آگے پیش کرتے ہیں لہٰذا اس کھانے کی ایسی ہی تاثیر ہوتی ہے‘۔
اداکارہ کے بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین مختلف آرا میں بٹے ہوئے نظر آئے، متعدد صارفین نے جویریہ سعود کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ اداکارہ صحیح کہہ رہی ہیں۔
دوسری جانب کئی سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کے بیان کو غلط سمجھ کر اس کا مذاق اڑاتے نظر آئے۔
درحقیقت میزبان جویریہ سعود نے اپنے بیان میں جس جاپانی سائنسدان کا ذکر کیا وہ سائنسدان مسارا ایموٹو کا دعویٰ ہے۔
مسارا ایموٹونے دعویٰ کیا تھا کہ ’ پانی پر اپنے آس پاس کی اشیاء، انسانی جذبات، سوچ اور رویوں کا اثر ہوتا ہے۔
جاپانی سائنسدان نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا تھا کہ ’ پانی چونکہ ہر چیز کے اثرات کو اپنے اندر جذب کر لیتا ہے، اس لیے انسان کی مثبت اور منفی سوچ، انسانوں کےجذبات بھی پانی کے مالیکیول اسٹرکچر پر بھی اثرانداز ہوتے ہیں‘۔