14 مارچ ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی سے متعلق امریکی تجویز پر روسی صدر پیوٹن کا بیان نامکمل قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق روس کے صدر پیوٹن نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ روس جنگ بندی کیلئے تیار ہے لیکن یوکرین کو مزیدشرائط ماننا ہوں گی۔
روسی صدر نے کہا کہ وہ جنگ بندی کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں لیکن کچھ معاملات ہیں جن پر امریکی صدر سے ہمیں بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔
تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران روسی صدر کے بیان کو امید افزا لیکن 'نامکمل' قرار دیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدرپیوٹن اور دیگر کے ساتھ سنجیدہ بات چیت جاری ہے، امید ہے روس جنگ بندی کی تجویز پر مثبت ردعمل دے گا۔
زیلنسکی نے پیوٹن کے ردعمل کو چالاکی قرار دیدیا
یوکرینی صدر زیلنسکی نے جنگ بندی کی تجویز پر پیوٹن کے ردعمل کو چالاکی پر مبنی قرار دیتے ہوئے روس پر مزید پابندیوں کا مطالبہ کیا تاکہ اسے امن معاہدے پر مجبور کیا جا سکے۔
صدر زیلنسکی نے کہا کہ روسی صدر اکثر ایسا ہی کرتے ہیں، وہ براہ راست انکار نہیں کرتے، لیکن کچھ ایسا کرتے ہیں جس سے معاملات میں تاخیر ہوتی ہے یا عام فیصلے ناممکن ہو جاتے ہیں۔
یوکرینی صدر نے دعویٰ کیا کہ روسی صدر جنگ بندی کی امریکی تجویز کو مسترد کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، پیوٹن امریکی صدر کو بتانے سے ڈرتے ہیں کہ وہ جنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ دنوں سعودی عرب میں ہونے والے یوکرین امریکا مذاکرات میں یوکرین امریکی تجویز مانتے ہوئے روس کے ساتھ 30 روزہ جنگ بندی پر متفق ہوا تھا۔