Time 14 مارچ ، 2025
کاروبار

آئی ایم ایف زرعی انکم ٹیکس کی قانون سازی پر مطمئن، پی آئی اے اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جلد نجکاری کا مطالبہ کردیا

آئی ایم ایف زرعی انکم ٹیکس کی قانون سازی پر مطمئن، پی آئی اے اور بجلی تقسیم کار  کمپنیوں کی جلد نجکاری کا مطالبہ کردیا
پاکستانی حکام پرامید ہیں کہ 3 شعبوں میں تحفظات کے باوجودمشن قرض اجراکی سفارش کرے گا: ذرائع/ فائل فوٹو

اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کےلیے قانون سازی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قرض کی اگلی قسط کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج مذاکرات کا آخری روز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید مذاکرات کے لیے آن لائن رابطہ برقرار رکھا جائے گا جب کہ پاکستانی حکام پرامید ہیں کہ 3 شعبوں میں تحفظات کے باوجودمشن قرض اجراکی سفارش کرے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ریٹیل، ہول سیل اور رئیل اسٹیٹ سمیت کئی شعبوں میں ٹیکس وصولی بہتربنانے پر ذور دیا جب کہ ایف بی آر نے رئیل اسٹیٹ اورپراپرٹی سیکٹر کے لیے  ٹیکس ریٹ میں کمی کی تجویز دی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے آئی ایم ایف کو تاجروں کی رجسٹریشن کے لیے مہم جاری رکھنے کی تحریری یقین دہانی کرادی جب کہ آئی ایم ایف نے پوائنٹ آف سیل، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مؤثربناکرٹیکس چوری روکنے پر اصرار کیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ذرعی انکم ٹیکس کی وصولی کےلیے قانون سازی سے مطمئن ہے جب کہ آئی ایم ایف نے قومی ائیرلائن اوربجلی تقسیم کارکمپنیوں کی نجکاری جون تک کرنےکامطالبہ کیا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ  آئی ایم ایف مذاکرات کے خاتمے پر بیان جاری کرے گا۔ 

مزید خبریں :