14 مارچ ، 2025
جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کے آپریشن اور مسافروں کو ریسکیو کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
گزشتہ دنوں بولان کے علاقے ڈھاڈر میں دہشت گردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا تھا اور مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا۔
پاک فوج نے 36 گھنٹے کے اندر کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کروایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فورسز کے آپریشن میں مجموعی طور پر 33 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گردوں نے فائرنگ سے 26 افراد کو شہید کیا، فورسز نے 354 یرغمالی بازیاب کروائے، ان میں 37 زخمی ہیں، فورسز کے آپریشن کےدوران ایک بھی مغوی نہیں مارا گیا۔
ان کا کہناتھا کہ شہید ہونے والے 26 افراد میں سے 18 کا تعلق آرمی اور ایف سی سے ہے اور دہشت گرد کسی مسافرکویرغمال بنا کر اپنے ساتھ نہیں لے گئے۔
پاک فوج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کلیئرنس آپریشن کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔ ویڈیو میں پاک فوج کے اسنائپرز کی جانب سے دہشت گردوں کو انگیج کرنے اور بوگی ٹو بوگی سرچ آپریشن کے مناظر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ یرغمالیوں کے دہشت گردوں کے نرغے سے فرار ہونے اور فوج کی جانب سے ریسکیو کرنے کی بھی فوٹیج شامل ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والی ایس ایس جی کمانڈوز کی ٹیم بھی ویڈیو میں موجود ہے۔