15 مارچ ، 2025
کینیڈا کی حکمران جماعت لبرل پارٹی کے رہنما مارک کارنی نے ملک کے 24ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
مارک کارنی کی حلف برداری کی تقریب جمعہ کو دارالحکومت اوٹاوا میں ہوئی۔گورنر جنرل میری سیمون نے مارک کارنی سےحلف لیا جس کے ساتھ ہی جسٹن ٹروڈو کے تقریباً 10 سالہ دور اقتدار کا خاتمہ ہو گیا۔
کینیڈا کے نئے وزیر اعظم نے 23 رکنی کابینہ بھی تشکیل دے دی جس میں 11 خواتین وزراء بھی شامل ہیں۔
مارک کارنی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے محصولات کی دھمکیوں کے مقابلے میں کینیڈا کے مفادات کے تحفظ کا عزم کیا۔
حلف اٹھانے کے بعد مارک کارنی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ہم ایک ایسی حکومت تشکیل دے رہے ہیں جو وقت کے تقاضوں پر پورا اترتی ہو۔ کینیڈین عوام عملی اقدامات کی توقع رکھتے ہیں اور یہی کچھ یہ ٹیم فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ کینیڈین لبرل پارٹی نے اتوارکو بینک آف کینیڈا کے سابق گورنر مارک کارنے کو پارٹی رہنما منتخب کیا تھا۔
جسٹن ٹروڈو نے جنوری میں مہنگائی اور امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ کی دھمکیوں پر دباؤ پر وزیر اعظم کے عہدے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ وہ حکمران جماعت لبرل پارٹی کی جانب سے نیا سربراہ چنے جانے کے بعد عہدہ چھوڑدیں گے۔
53 سالہ جسٹن ٹروڈو نے 2015 میں کینیڈا کی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا تھا اور انہوں نے اس کے بعد بھی مسلسل 2 انتخابات جیتے۔