15 مارچ ، 2025
چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی جیت میں اہم کردار اداکرنے والے اسپنر ورن چکرورتی نے خود کو ماضی میں ملنے والی دھمکیوں پر لب کشائی کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ورن چکرورتی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں پرفارمنس کے بعد دھمکیاں ملیں، ورلڈکپ کے بعد مجھے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہونا شروع ہوئیں۔
ورن چکرورتی کا کہنا تھا مجھے کہا گیا کہ واپس بھارت نہیں آنا نہیں تو اچھا نہیں ہو گا، لوگ میرا پیچھا کرکے میرے گھر تک پہنچ گئے تھے، ائیرپورٹ سے بھی لوگوں نے میرا پیچھا کیا، جس کے باعث مجھے کئی بار چھپنا پڑا۔
بھارتی اسپنر کا کہنا تھا وہ وقت میری زندگی کا مشکل ترین وقت تھا، میں ڈپریشن میں تھا، مجھے لگتا تھا کہ جس قدر ہائپ سے مجھے اسکواڈ میں لیا گیا تھا میں نے اس کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
ورن چکر ورتی کا کہنا تھا چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھی ورن چکرورتی کی سلیکشن اچانک ہوئی، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد چنئی کے لئے ٹکٹ بک کرائی مگر فون آیا کہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہوں، چیمپئنز ٹرافی میرے اعتماد میں اضافے کا باعث بنی۔
یاد رہے کہ ورن چکرورتی چیمپئنز ٹرافی میں 9 وکٹیں لے کر بھارت کے کامیاب ترین باؤلر رہے۔ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔