16 مارچ ، 2025
کراچی: وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے قومی کرکٹرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ کرکٹرز اگر حلوہ پوری، نہاری اور حلیم کھائیں گے تو کیسےکھیل پائیں گے؟
کراچی میں کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ کرکٹرز کو اپنی ڈائٹ اور نیوٹریشن پربھی کام کرناچاہیے، چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر پوری قوم مایوس ہے، قومی ٹیم نہ فائنل میں پہنچ سکی نہ فائنل ہم تک پہنچ سکا۔
سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ ہمیں قومی کرکٹ ٹیم پرکافی محنت کرنےکی ضرورت ہے،کرکٹ میرے دائرہ اختیار میں نہیں لیکن اب مجھے ہی کرکٹ کے لیےکچھ کرنا پڑےگا، اپنے کھلاڑیوں کے لیےکچھ کرنےکی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کو پیغام ہےکہ فٹنس ہے تو سب کچھ ہے۔
صوبائی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ کسی زمانہ میں کورنگی میں چائنہ کٹنگ اور لینڈ گریبنگ عروج پر تھی، اب کورنگی میں کھیلوں کے ایونٹ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، سندھ حکومت ضلع کورنگی میں آئندہ سال کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد کرائےگی۔
وزیر کھیل سندھ نے کورنگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کرکٹ اکیڈمی اور جم کلب بنانے کا بھی اعلان کیا۔