17 مارچ ، 2025
برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے اور وہاں سے فزکس کے موضوع میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حصول کو کامیاب کیرئیر کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔
مگر ایسا ایک خاتون کے ساتھ نہیں ہوسکا۔
ماریکا نیہوری نامی خاتون نے کیمبرج سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے مگر مہینوں سے کوئی ملازمت تلاش نہیں کرسکیں۔
انہوں نے مختلف انسٹا گرام پوسٹس میں اس حوالے سے بتایا۔
اکتوبر 2024 میں انہوں نے فزکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی اور ایسا لگتا تھا کہ اچھا کیرئیر ان کا منتظر ہے، کم از کم بیشتر افراد کا تو یہی خیال تھا۔
مگر حقیقت میں جو ہوا وہ مختلف ہے اور اکتوبر کے بعد سے وہ ملازمت کی تلاش میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 70 سے زائد کمپنیوں کی جانب سے انہیں مسترد کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ 'میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ ملازمت کی تلاش اتنی مشکل ہوگی'۔
لندن سے تعلق رکھنے والی ماریکا نیہوری ملازمت کی تلاش کے ساتھ ساتھ تنہائی کے احساس سے بھی لڑ رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 'میں اکثر اپنا موازنہ ان دوستوں سے کرتی ہوں جنہوں نے پی ایچ ڈی نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور حیران ہوتی ہوں کہ ہر ایک اپنی زندگی اور کیرئیر میں آگے بڑھ گیا ہے'۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ 'میراماننا تھا کہ کیمبرج سے پی ایچ ڈی کرنے کے بعد ملازمت کا حصول آسان ہو جائے گا، مگر ہوا اس کے برعکس اور اب اس تلاش نے مجھے ڈپریشن کا شکار بنا دیا ہے'۔