18 مارچ ، 2025
دنیا میں پہلی بار ایک ریلوے اسٹیشن تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔
جی ہاں واقعی جاپان میں دنیا کے پہلے تھری ڈی پرنٹڈ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر ہونے والی ہے۔
اوساکا شہر کے جنوب میں 60 میل دوری پر واقعی علاقے Wakayama میں 108 اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلے نئے ریلوے اسٹیشن کو تعمیر کیا جائے گا۔
مگر خاص بات یہ ہے کہ پورے اسٹیشن کی تعمیر محض 6 گھنٹے میں مکمل کرلی جائے گی۔
سفید رنگ کے اس اسٹیشن کے کمپیوٹر خاکے بھی جاری کیے گئے ہیں۔
جاپان ریلوے گروپ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ریلوے اسٹیشن کے لیے تعمیراتی سامان کو تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تیار کیا جائے گا اور پھر اسے تعمیراتی مقام پر پہنچا کر 6 گھنٹوں کے اندر اسمبل کر دیا جائے گا۔
اس کام کا آغاز 25 مارچ کو وہاں کے پرانے ریلوے اسٹیشن سے آخری ٹرین کے روانہ ہونے کے بعد ہوگا۔
یہ واضح نہیں کہ جاپان ریلوے کی جانب سے ایک گمنام ریلوے اسٹیشن کو دنیا کے پہلے تھری ڈی ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کے لیے کیوں منتخب کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس منصوبے سے ہمیں مستقبل میں ماحول دوست میٹریل اور جدید ٹیکنالوجیز سے دیگر خطوں میں تعمیراتی منصوبوں کے لیے مدد ملے گی۔