18 مارچ ، 2025
اکثر ایسا ہوتا ہے جب ٹھوڑی کے پیچھے چربی بڑھ کر ڈھلکنے لگتی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ایک اور ٹھوڑی نمودار ہوگئی ہے جس کو بڑھی ہوئی یا دوہری ٹھوڑی (ڈبل چِن) بھی کہا جاتا ہے۔
ٹھوڑی کے نیچے لٹکنے والی یہ چربی کسی نقصان کا باعث ہو یا نہ ہو مگر شخصیت کو ضرور بدنما بنادیتی ہے۔
یہ ایک عام عارضہ سمجھا جاسکتا ہے جو اس وقت سامنے آتا ہے جب ٹھوڑی کے نیچے چربی کی تہہ بن جاتی ہے اور عام طور پر اسے جسمانی وزن میں اضافے کا نتیجہ سمجھا جاتا ہے، مگر ضروری نہیں کہ موٹاپے کے شکار افراد کو ہی اس کا سامنا ہو۔
جینیاتی مسائل ، گردن کے مسلز میں کمزوری یا عمر بڑھنے سے چہرے کی کھال لٹکنے سے بھی ٹھوڑی کے نیچے یہ اضافی چربی نمودار ہوسکتی ہے۔
والدین کے چہرے پر ایسا ہو تو اس بات کا امکان بڑھتا ہے کہ مستقبل میں ایسا آپ کے ساتھ بھی ہو۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ اگر آپ اس ڈبل چن سے نجات چاہتے ہیں تو متعدد آسان طریقے موجود ہیں، جس سے ایسا ممکن ہے۔
مثال کے طور پر اپنے سر کو پیچھے کی جانب جھکائیں اور چھت کی جانب دیکھیں۔
نچلے جبڑے کو آگے کی طرف ایسے بڑھائیں کہ ٹھوڑی کے نیچے کھچاؤ محسوس ہو، اس پوزیشن کو 10 گننے تک برقرار رکھیں، اس کے بعد جبڑے کو معمول پر لاکر سر سیدھا کرلیں۔
اگر یہ بڑھی ہوئی ٹھوڑی جسمانی وزن میں اضافے کا نتیجہ ہے تو اس وزن میں کمی لانا بھی ٹھوڑی کو معمول پر لاسکتا ہے۔
جسمانی وزن میں کمی کا بہترین طریقہ صحت بخش غذا اور ورزش کو معمول بنانا ہے۔
سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ استعمال کریں۔
الٹرا پراسیس غذاؤں سے گریز کریں۔
سرخ گوشت کا کم جبکہ مرغی اور مچھلی کو زیادہ ترجیح دیں۔
زیتون کے تیل اور گریوں کا استعمال عادت بنالیں۔
تلی ہوئی غذاؤں سے بچیں۔
کم چکنائی والی دودھ کی مصنوعات کو ترجیح دیں۔
چینی کا استعمال کم از کم کردیں۔
جیسے جیسے جسمانی وزن میں کمی آئے گی، چہرہ بھی پتلا ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ ورزش ہو یا غذا، دوہری ٹھوڑی کا مسئلہ راتوں رات ختم نہیں ہوگا بلکہ چند ماہ تک صبر سے کام لینا ہوگا۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔