19 مارچ ، 2025
بالی وڈ کے سینئر اداکارو ہدایت کار راکیش روشن نے بیٹے ہریتھک روشن کو ماضی میں بولنے کے مسائل کے سبب پیش آنے والی مشکلات پر بات کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’کہونہ پیار ہے ‘ سے سپر اسٹار بن جانے والے ہریتھک روشن کو ذاتی خود اعتمادی کے حصول کیلئے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اگرچہ بولنے میں دشواری پیش آنے جیسے مسائل کا اعتراف ہریتھک خود بھی ماضی میں کرچکے ہیں لیکن حال ہی میں راکیش روشن نے بیٹے کی اس تکلیف اور جدوجہد پر کھل کر بات کی ہے۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں راکیش روشن نے بتایا کہ’ میں ہریتھک کی جدوجہد کو دیکھ سکتا تھا اور بیٹے کے لیے بُرا محسوس کرتا تھا کیونکہ وہ بہت کچھ کہنا چاہتا تھا لیکن اسے بولنے میں دشواری کا سامنا تھا‘۔
راکیش روشن نے ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ‘ہریتھک کافی تعلیم یافتہ ہے، ذہین بھی ہے لیکن اپنے ہکلانے کی وجہ سے وہ خود کو روک لیتا تھا، ایک مرتبہ مجھے یاد ہے کہ وہ دبئی میں تھا اور اسے صرف’ Thank You Dubai ‘کہنا تھا کہ لیکن وہ ہکلاہٹ کی وجہ سے ’ thank you D ‘ پر ہی اٹک جاتا تھا،کئی بار کی کوششوں کے بعد اس نے خود کو باتھ روم میں بند کرلیا تھا‘۔
راکیش روشن نے بیٹے کی جدوجہد یادکرتے ہوئے مزید بتایا کہ’ہریتھک ہر صبح اٹھ جاتا تھا اور اس رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے روزانہ 1 گھنٹہ انگریزی، ہندی اور اردو اخبارات بلند آواز میں پڑھتا تھا تاہم پچھلے10 سے 12 سالوں سے وہ ہکلاتا نہیں ہے‘۔
یاد رہے کہ برسوں قبل بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنی اس تکلیف سے متعلق ہریتھک نے بھی بتایا تھا کہ ’ میں SPEECH کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ہر روز مشق کرتا ہوں، ہکلاہٹ نہ صرف میرے بچپن میں ہی میرے لیے پریشان کن تھی بلکہ 2012 تک میرے فلم اسٹار بن جانے تک اس تکلیف کا مجھ پر غلبہ رہا‘۔