Time 20 مارچ ، 2025
دنیا

شوہر کو قتل کرکے لاش ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے بعد سفاک بیوی عاشق کیساتھ شملہ گھومنے چلی گئی

شوہر کو قتل کرکے لاش ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے بعد سفاک بیوی عاشق کیساتھ شملہ گھومنے چلی گئی
 افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر میرت میں پیش آیا/فوٹوبھارتی میڈیا  

بھارتی خاتون نے آشنا کے ساتھ مل کر مرچنٹ نیوی افسر شوہر کو قتل کرکے لاش کے 15  ٹکڑے کردیے جس کے بعد سفاک بیوی عاشق کے ساتھ گھومنے شملہ چلی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں پیش آیا جہاں مسکان رستوگی نامی خاتون نے اپنے آشنا ساحل شکلا کے ساتھ مل کر 32 سالہ سوربھ راجپوت کو قتل کر کے اس کی   لاش کے 15 ٹکڑے کرڈالے، بعد ازاں اسے سیمنٹ سے بھرے ڈرم میں چھپادیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوربھ اور  رستوگی کی 2016 میں شادی ہوئی تھی اور ان کی 5 سالہ بیٹی بھی ہے، 2020 میں سوربھ کے مرچنٹ نیوی میں ملازمت اختیار کرنے اور شہر سے دور جانے کے  بعد رستوگی نے اپنے پڑوسی ساحل شکلا سے تعلقات استوار کرلیے، بیوی کے ناجائز  تعلقات کا علم حال ہی میں جب سوربھ  کو ہوا تو دونوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ 4 مارچ کو رستوگی نے راجپوت کے کھانے میں نشہ آور دوائیں ملا دیں جس سے وہ بے ہوش ہو گیا،  اس کے بعد رستوگی نے شکلا کو بلاکر سوربھ کے سینے میں چاقو سے کئی وار کیے، اس وقت اس کی بیٹی  بھی برابر  کمرے میں سو رہی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق  ملزمان نے سوربھ کو قتل کرنے کےبعد اس کی لاش  باتھ روم میں لے جاکر تیز دھار آلے   سے 15 حصوں میں تقسیم کردی اور اسے پلاسٹک ڈرم میں ڈال کر سیمنٹ سے بھردیا، اگلے دن رستوگی بیٹی کو  اپنے  والدین کے گھر چھوڑ کر شکلا کے ساتھ شملہ چلی گئی۔

شملہ سے واپس آنے تک  مسکان کی والدہ کو اس پر شک ہو چکا تھا اور  اس  کے بار بار پوچھنے پر مسکان نے والدہ کے سامنے  سوربھ کو قتل کرنے کااعتراف کر لیا، جس کے بعد  والدین نے مسکان کو پولیس کے آگے پیش کردیا اور مسکان نے بھی پولیس کے سامنے اپنے قتل کا اعتراف کرلیا۔

پولیس نے رستوگی اور شکلا دونوں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ لاش کے ٹکڑے بھی ڈرم سے برآمد کرلیے گئے ہیں، ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :