فیکٹ چیک: کیا بی آر ٹی پشاور نے کرایہ 510 روپے کر دیا ہے؟

510 روپے ٹریول کارڈ کی قیمت ہے، پشاور بس رپیڈ ٹرانزٹ کا کرایہ نہیں۔

واٹس ایپ پر ایک دعویٰ گردش کر رہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پشاور بس رپیڈ ٹرانزٹ (BRT) نے اپنا کرایہ 510 روپے کر دیا ہے، جس سے مسافروں کے لیے یہ سروس ناقابلِ برداشت ہو گئی ہے۔ یہ دعویٰ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی ایک پریس کانفرنس کے دوران دہرایا۔

یہ دعویٰ گمراہ کن ہے۔ 510 روپے BRT ٹریول کارڈ کی قیمت ہے، نہ کہ کرایہ۔

دعویٰ

6 مارچ کو واٹس ایپ پر ایک وائرل میسج اور پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کے بیان میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ پشاور BRT کا کرایہ 110 روپے سے بڑھ کر 510 روپے ہو گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے پنجاب میں الیکٹرک بسوں کے 20 روپے کے کرائے سے موازنہ کرتے ہوئے کہا: ”ابھی [پریس کانفرنس میں] آنے سے پہلے،ٹی وی پر ایک چینل میں خبر چل رہی تھی بی آر ٹی پشاور جو ہے اسکا کرایہ 110 سےبڑھا کر 510 روپے کردیا گیا ہے۔ اس کارڈ کی بھی پہلے نادرا سے تصدیق ہونی پڑے گی۔“

ان کا مکمل بیان 2:55 منٹ پر دیکھیں

فیکٹ چیک: کیا بی آر ٹی پشاور نے کرایہ 510 روپے کر دیا ہے؟


حقیقت

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے بس رپیڈ ٹرانزٹ (BRT) سسٹم کا کرایہ 510 روپے نہیں ہے۔ دراصل، یہ 20 روپے سے 60 روپے تک ہے۔ تاہم، BRT ٹریول کارڈ کی قیمت 510 روپے ہے۔

ٹرانس پشاور (جو BRT کو آپریٹ والا ادارہ ہے) کی ترجمان صدف کامل نے جیو فیکٹ چیک کوفون پر بتایا: ”نہیں، ایسا نہیں ہے، 110 روپے کرایہ کبھی بھی نہیں تھا اور510 روپے تو بالکل بھی نہیں ہے، ہمارے کرایے کلومیٹرز پر مبنی ہیں، ہمارا کرایہ 20 روپے سے شروع ہوتا ہے جو کہ پانچ کلومیٹر تک کے لیے ہے اور زیادہ سے زیادہ جو کوریڈیور کا فاصلہ ہے اسکا کرایہ 60 روپے ہے۔ “

اس کے بعدصدف کامِل نے پشاور کے BRT، جو کہ Zu Bus کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کے تازہ ترین کرایہ سٹرکچر کا سرکاری نوٹیفکیشن شیئر کیا، جو خیبر پختونخوا اربن موبلٹی اتھارٹی کی جانب سے 18 جولائی 2024 کو جاری کیا گیا تھا۔ نوٹیفکیشن میں تصدیق کی گئی ہے کہ کرایہ 20 روپے سے شروع ہو کر 60 روپے تک ہے۔

فیکٹ چیک: کیا بی آر ٹی پشاور نے کرایہ 510 روپے کر دیا ہے؟
خیبر پختونخوا اربن موبلٹی اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن (18 جولائی 2024) میں تصدیق کی گئی ہے کہ BRT کے کرایے 20 روپے سے 60 روپے کے درمیان ہیں۔

انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ BRT کے کارڈ کی قیمت 510 روپے ہے، جس میں 400 روپے کارڈ کی قیمت ہے، 100 روپے بیلنس کے طور پر ہیں اور 10 روپے نادرا (قومی ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی) کے ذریعے کارڈ کی بائیومیٹرک تصدیق کی فیس ہے جو سکیورٹی کے مقصد کے لیے لی جاتی ہے۔ دسمبر میں کارڈ کی قیمت 300 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کر دی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا، ”کارڈ کے ساتھ بھی، BRT کا زیادہ سے زیادہ کرایہ 60 روپے ہی رہتا ہے۔“

اسی بات کی تصدیق جیو نیوز کی پشاور میں مقیم رپورٹر ماہم قریشی نے بھی کی۔ جبکہ موجودہ کرایے ٹرانس پشاور کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔ ویب سائٹ پر کم از کم کرایہ 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 60 روپے درج ہے۔

فیصلہ: یہ دعویٰ کہ پشاور BRT کا کرایہ 110 روپے سے بڑھا کر 510 روپے کر دیا گیا ہے، گمراہ کن ہے۔ حقیقت میں 110 روپے BRT پشاور کا کرایہ کبھی نہیں تھا۔ موجودہ زیادہ سے زیادہ کرایہ 60 روپے ہے، جبکہ 510 روپے ٹریول کارڈ کی قیمت ہے، کرایہ نہیں۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔