23 مارچ ، 2025
کراچی: سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے سابق بھارتی بلے باز وریندر سہواگ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں نام درج کروانے کی پیشکش کردی۔
وریندر سہواگ کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ان کی 2004 میں ملتان ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری کا حوالہ دیا گیا تھا۔
وریندر سہواگ کی جانب سے اس سے قبل بھی متعدد بار اپنی اس اننگز کا ذکر کیا جاچکا ہے۔
شعیب اختر سہواگ کی جانب سے بار بار اس اننگز کا ذکر کرنے پر تنگ آگئے اور ایک ویڈیو میں انہوں نے بھارتی بیٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلے 20 سال سے یہی ویڈیو چلائے جا رہے ہیں۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں تنگ آگیا ہوں یہ بات سن سن کر، ایک ہی ٹیپ ہے جو وہ 20 سال سے چلارہے ہیں، 300، 300، 300، بھائی میں بھی وہیں تھا جب تم نے وہ اننگز کھیلی تھی، کوئی شک نہیں کہ تم نے واقعی بہت اچھا کھیلا تھا۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اب بس کردو، اگر تمہیں گنیز ورلڈ ریکارڈز میں انٹری چاہیے تو میں کروادوں گا، دنیا میں سب سے زیادہ 300، 300 کا ذکر کرنے والے کی حیثیت سے۔
راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ اگر تم کوگنیز ورلڈ ریکارڈز میں انٹری چاہیے تو میں کروادوں گا کیونکہ میرا تعلق ہے، تمہیں معلوم ہےکہ میرے پاس اصلی والا ریکارڈ ہے۔
یاد رہےکہ وریندر سہواگ نے 2004 میں ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف309 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس کی بدولت بھارت کو ٹیسٹ میں فتح حاصل ہوئی تھی۔