23 مارچ ، 2025
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب ہوئی۔
پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے قومی پرچم لہرایا اور تقریب میں صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہبازشریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستانی ناظم الامور نے یوم پاکستان پراہل پاکستان اورپاکستان سے محبت کرنےوالوں کومبارکباد دی اور کہاکہ تاریخی لاہور قرارداد نے برصغیرکے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا راستہ متعین کیا، بانیان پاکستان نے ایسی اسلامی فلاحی ریاست کا خواب دیکھا جو انصاف اورمساوات کے اصولوں پرمبنی ہو۔
سعد احمد وڑائچ کا کہنا تھاکہ قائداعظم اورعلامہ محمداقبال کی بصیرت افروز قیادت کوخراج عقیدت پیش کرتےہیں، قیام پاکستان سےاب تک پاکستانیوں اورعوام نےہرمحاذپراہم کامیابیاں حاصل کیں، ایٹمی پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیرہے اور ہماری بہادرمسلح افواج داخلی وخارجی خطرات کے خلاف ڈھال ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور اجتماعی فلاح کے اصولوں پر یقین رکھتاہے، کرتارپور راہداری معاہدے کی تجدیدپاکستان کےسفارتکاری اوربات چیت سےمسائل کےحل کےعزم کی تصدیق ہے، علاقائی امن اور سلامتی کیلئے تعمیری روش ناگزیر ہے۔
پاکستانی ناظم الامور نے کہا کہ ضد اورہٹ دھرمی کا راستہ خطے کیلئے روشن مستقبل کا پیش خیمہ ثابت نہیں ہوسکتا، مقبوضہ جموں وکشمیر کے تنازع کا حل یواین قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ضروری ہے۔