24 مارچ ، 2025
سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان اس سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے کمنٹری پینل کا حصہ نہیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عرفان کو آئی پی ایل 2025 کے کمنٹری پینل میں شامل نہیں کیا گیا۔
ریٹائرمنٹ کے بعد عرفان آئی پی ایل کے کمنٹری پینل کے ایک مستقل رکن رہے ہیں اور کھیل کی سب سے مشہور آوازوں میں سے ایک بن چکے ہیں۔
لیکن عرفان پٹھان ہفتہ کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلورکے درمیان آئی پی ایل 2025 کے افتتاحی میچ کے دوران کہیں نظر نہیں آئے۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق عرفان کو کمنٹری پینل سے باہر کردیا گیا کیونکہ براڈکاسٹرز سابق بھارتی آل راؤنڈرز کی جانب سے ذاتی رنجشوں کو کمنٹری اور سوشل میڈیا پر لانے سے خوش نہیں تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عرفان پٹھان کا چند کھلاڑیوں کے ساتھ کچھ سال پہلے اختلاف ہوا تھا۔ تب سے وہ کمنٹری ہو یا سوشل میڈیا نام لیے بغیر ان کرکٹرز کا ذکرکرتے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان پٹھان پرکھلاڑیوں پر طنز کرنے کا الزام لگایا گیا اور یہی ان کی کمنٹری پینل میں شامل نہ کرنے کی وجہ بنا۔
عرفان پہلے کرکٹر نہیں ہیں جنہیں کمنٹری کی ذمہ داریوں سے ہٹایا گیا ہو۔
2020 میں سابق بھارتی بیٹر سنجے منجریکر کو ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران رویندرا جڈیجہ پر تبصرے کے باعث بی سی سی آئی نے کمنٹری پینل سے ہٹا دیا تھا۔
اس سے قبل2016 میں معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کو بھی آئی پی ایل کے کمنٹری پینل میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
ہرشا بھوگلے نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا کہ مجھے ابھی تک معلوم نہیں کہ میں آئی پی ایل میں کیوں کمنٹری نہیں کر رہا، میں یہ قبول کر سکتا ہوں کہ لوگوں کو میں پسند نہیں ہوں لیکن میں واقعی امید کرتا ہوں کہ اس کی وجہ یہ نہ ہو کہ کرکٹرز کو میری رائے پر شکایت ہو۔