24 مارچ ، 2025
ویسے تو ہائیکنگ ایسا شوق ہے جو جسمانی صحت کو بہتر بناتا ہے مگر ایک فرد نے ایسا کیا تو وہ جوان سے بوڑھا نظر آنے لگا۔
جی ہاں واقعی چین سے تعلق رکھنے والے ایک 31 سالہ شخص نے ایک سال کے دوران لگ بھگ 3300 کلو میٹر طویل ہائیکنگ ٹریک کو عبور کیا۔
صوبہ Hubei سے تبت کے علاقے لہاسا تک جاری رہنے والے اس سفر نے اس کے جسم پر منفی اثرات مرتب کیے اور وہ 50 سال سے زائد عمر کا نظر آنے لگا۔
Liqi نامی اس شخص نے اپنے سفر کا آغاز 6 اپریل 2024 کو Hubei کے علاقے جیانگزو سے کیا تھا۔
وہ 11 مارچ 2025 کو لہاسا پہنچا اور اس سفر کے دوران اس نے متعدد بلند پہاڑیوں کو سر کیا۔
پورے سفر کے دوران وہ 2 پہیوں والے چھکڑے کو کھینچتا رہا جس میں اس کی ضرورت کا تمام سامان موجود تھا۔
سفر کے دوران اس نے سخت موسم جیسے آندھی، طوفان اور شدید برفباری کا سامنا کیا جبکہ 2 بار جنگلی بھیڑیوں کا سامنا بھی ہوا۔
دیگر چیلنجز جیسے چھکڑا گڑھے میں گرنے یا پہیے خراب ہونے سے بھی اس کا سفر متاثر ہوا۔
سفر کے آخری چند ماہ کے دوران اس شخص کا دایاں گھٹنا بری طرح زخمی ہوا اور سفر کے آخری مرحلے پر وہ لنگڑاتا ہوا اپنی منزل کی جانب بڑھا۔
یہ واضح نہیں کہ کپڑوں کا کاروبار کرنے والا یہ شخص اس سفر پر کیوں روانہ ہوا جس نے اسے راتوں رات جوان سے بوڑھا بنا دیا۔
اس نے سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا کہ 'میں جانتا ہوں کہ اس سفر نے میرے جسم کو ڈرامائی حد تک بدل دیا ہے اور میں 20 سال بوڑھا نظر آنے لگا ہوں'۔
اس پورے سفر کے دوران وہ کھلے آسمان تلے سوتا رہا جبکہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران نہانے یا کپڑے بدلنا کا موقع بھی نہیں ملا۔
اس سفر کے دوران وہ ہر ماہ کھانے پینے پر ایک ہزار یوآن خرچ کرتا رہا اور لہاسا پہنچنے کے بعد وہ نہایا اور کپڑے بدلے، بال کٹوائے اور لائیو اسٹریم میں اپنے سفر کے تجربات کے بارے میں بتایا۔
اب وہ گھر واپس جانے والا ہے مگر اس بار میں ٹرین پر سفر کرے گا کیونکہ ٹانگ کے زخم کی وجہ سے اس کے لیے چلنا مشکل ہو چکا ہے جبکہ مالی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔