Time 25 مارچ ، 2025
انٹرٹینمنٹ

'یہ انڈیا نہیں آسٹریلیا ہے'، نیہا ککڑ کانسرٹ میں تاخیر سے پہنچنے پر اسٹیج پر پھوٹ پھوٹ کر رو پڑیں، ویڈیو وائرل

بالی وڈ کی شہرہ آفاق گلوکارہ نیہا ککڑ آسٹریلیا میں اپنے کانسرٹ میں تاخیر سے پہنچنے پر زار و قطار رو پڑیں جس کے بعد کانسرٹ میں موجود کچھ منچلوں نے گلوکارہ کا مذاق اڑایا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیہا کا آسٹریلوی شہر میلبرن میں کانسرٹ تھا جس میں وہ 3 گھنٹے کی تاخیر سے پہنچیں اور اسٹیج پر آتے ہی انہوں نے مداحوں سے معافی مانگی اور رو پڑیں۔

کانسرٹ میں موجود کچھ افراد نے 'واپس جاؤ' اور 'رونے کا ڈرامہ' کے نعرے بلند کردیے۔

نیہا ککڑ نے ان افراد کی آوازوں کو نظر انداز کرتے ہوئے روتے ہوئے کہا 'آپ لوگ بہت اچھے ہیں جو اتنی دیر سے انتظار کررہے ہیں، مجھے اس چیز سے نفرت ہے، زندگی میں میں نے کبھی کسی کو اتنا انتظار نہیں کروایا'۔

گلوکارہ نے کہا 'میں معذرت خواہ ہوں اور یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے کہ آپ لوگ اپنا قیمتی وقت میرے لیے نکال کے آئے، میں یہ شام کبھی فراموش نہیں کرسکوں گی، کوشش کروں گی اپنی پرفارمنس سے آپ سب کو ڈانس کرنے پر مجبور کردوں'۔

نیہا کی جانب سے معافی مانگتے وقت کراؤڈ میں موجود کچھ آوازیں آئیں کہ 'یہ انڈیا نہیں بلکہ آسٹریلیا ہے'، ایک شخص نے کہا 'واپس اپنے ہوٹل جاؤ اور جاکے آرام کرو'۔

ایک اور شخص نے گلوکارہ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا 'آپ کی اداکاری بہت اچھی ہے، یہ انڈین آئیڈل نہیں جس میں آپ رو رہی ہیں یا بچوں کے ساتھ پرفارم کررہی ہیں'۔

مزید خبریں :