پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے 10 ہزار روپے نقد امداد کا اعلان کیا ہے، لیکن اس کے لیے کسی آن لائن رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔
25 مارچ ، 2025
ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں کم آمدنی والے گھرانے فراہم کردہ ویب لنک پر رجسٹریشن کر کے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب حکومت کے نئے پروگرام کے تحت 18 ہزار روپےکی مالی امداد حاصل کر سکتے ہیں۔
دعویٰ غلط ہے کیوں کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ایسا کوئی پروگرام شروع نہیں کیا گیا ہے۔
15 مارچ کو، ایک ٹک ٹاک ویڈیو سامنے آئی جس میں مبینہ طور پر جیو نیوز کی نشریات دکھائی گئیں، 34 سیکنڈ کی اس کلپ پر ”18 ہزار روپے مفت امدادی پروگرام“ لکھا ہوا تھا، جس میں ایک نیوز اینکر یہ اعلان کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ نے 10ہزار روپے کے پہلے پروگرام کے بعد، 18ہزار روپے کے مالی امداد کا ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے۔
ویڈیو میں، اینکر بظاہر ناظرین کو مشورہ دیتا ہے کہ وہ گوگل پر”RozeeHub.com“ سرچ کریں اور پہلے لنک پر کلک کر کے اپنے موبائل فون سے درخواست دیں،اس ویڈیو کو تقریباً 800 مرتبہ لائک اور 2 لاکھ سے زائد دفعہ دیکھا گیا ہے۔
جیو نیوز نے کبھی ایسی رپورٹ نشر نہیں کی جبکہ پنجاب حکومت نے 18ہزار روپے کے امدادی پروگرام کا اعلان نہیں کیا، ٹک ٹاک ویڈیو میں جو ویب سائٹ پروموٹ کی گئی ہے، اس کا صوبائی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات، عظمیٰ زاہد بخاری نے جیو فیکٹ چیک کوتصدیق کی کہ ویڈیو میں دی گئی معلومات ”جعلی“ ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پبلک ریلیشنز آفیسر محمد عمران اسلام نے بھی تصدیق کی کہ ویب سائٹ ایک دھوکہ ہے، انہوں نے وضاحت کی کہ اگرچہ پنجاب حکومت نے رمضان کے دوران کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے 10ہزار روپے کی امداد شروع کی ہے، لیکن آن لائن جو 18 ہزار روپے کی اسکیم کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، وہ حقیقت میں موجود نہیں ہے۔
محمد عمران اسلم کا کہنا تھا کہ ”اس [دس ہزار روپے والے امدادی] پروگرام کے لیے کسی کو بھی اپلائی نہیں کرنا، پنجاب میں ایک socio-economic سروے ہو رہا ہے، اس سروے میں جو کم آمدنی والے لوگ ہیں ان کا تعین کیا جاتا ہے اس میں جو لوگ آرہے ہیں جن کی آمدنی ایک خاص لیول سے کم ہے ان کو یہ رقم ملنی ہے لیکن اس کے لیے کسی کو اپلائی نہیں کرنا کسی نے، اس میں سسٹم نہیں ہے کہ آپ اپلائی کریں اور آپ کو پیسے ملیں گے۔“
اسلام آباد میں بائٹس فار آل (B4A) کے اوپن سورس انٹیلی جنس تجزیہ کار انیس قریشی نے اس کی مزید تصدیق کی، انہوں نے وضاحت کی کہ متعلقہ ویب سائٹ محض ایک بلاگ ہے جو حکومتی پروگراموں کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے۔
انیس قریشی نے مزید خبردار کیا کہ ”اگرچہ اس وقت واضح فراڈ کے اشارے موجود نہیں ہیں لیکن مستقبل میں اسے دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، ایسی ویب سائٹس سماجی میڈیا سے لوگوں کو متوجہ کرتی ہیں کیونکہ یہ سرکاری اسکیموں کے لیے مرحلہ وار رہنمائی فراہم کرتی ہیں یا ذاتی معلومات کا مطالبہ کرتی ہیں، کچھ ویب سائٹس واٹس ایپ نمبر بھی شیئر کرتی ہیں اور رجسٹریشن فیس کا مطالبہ کرتی ہیں، لوگوں کو صحیح معلومات کے لیے صرف سرکاری ویب سائٹس (.gov.pk) اور معتبر خبروں کے ذرائع پر انحصار کرنا چاہیے۔“
اس کے علاوہ، جیو نیوز کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ ویڈیو میں مبینہ خبر جعلی ہے۔
فیصلہ: پنجاب میں 18ہزار روپے کی مالی امداد کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ جبکہ پنجاب حکومت نے رمضان کے دوران کم آمدنی والے گھروں کے لیے 10 ہزار روپے کا نقد امداد کا اعلان کیا ہے، اس کے لیے کسی آن لائن رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔