25 مارچ ، 2025
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں او جی ڈی سی ایل کی جانب سے ریکوڈک منصوبےکی معلومات جمع کرادی گئی ہیں۔
اسٹاک ایکسچینج میں دی گئی معلومات کے مطابق ریکوڈک کے آپریٹر بارک گولڈ نے منصوبےکی فزیبلٹی مکمل کرلی ہے، ریکوڈک منصوبےکی کان کنی عمر37 سال پر محیط ہے، ریکوڈک منصوبے پر دو مرحلوں میں کام ہوگا، پہلے مرحلے میں 5.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔
ریکوڈک منصوبے سے 1.31 کروڑ میٹرک ٹن تانبہ حاصل ہوگا اور 1.79 کروڑ اونس سونا پیدا ہونےکی توقع ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دی گئی معلومات کے مطابق فی ٹن تانبہ تقریباً 9 ہزار 813 ڈالرکا ہے جب کہ فی اونس سونا تقریباً 3040 ڈالرکاہے۔ دونوں سے 37 سال میں 183ارب ڈالر مالیت کی دھاتیں اور تانبہ نکلےگا، اس میں سے تقریباً 91 ارب ڈالر بارک گولڈ کے ہوں گے، بلوچستان حکومت کا حصہ اندازاً 45 ارب ڈالر ہوگا۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق او جی ڈی سی ایل کا 5.6 ارب ڈالر کے ریکوڈک مائننگ پروجیکٹ میں 8.33 فیصد شیئر ہوگا، ریکوڈک پروجیکٹ کے 2028 میں پہلے مرحلے سے سالانہ 45 ملین ٹن پروسیسنگ شروع ہوگی۔