26 مارچ ، 2025
وفاقی وزیر پاور اویس لغاری نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے کہنے پر بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی روکنے سے متعلق میڈیا رپوٹس مسترد کر دیں۔
منگل کو اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر پاور اویس لغاری نےکہا کہ بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی ، آئندہ چند دنوں میں ان کی باتیں ثابت ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ 2 دن پہلے ہو یا بعد میں ،وزیر اعظم قوم کو اچھی خوش خبری سنائیں گے۔
وفاقی وزیر پاور اویس لغاری نےکہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کیلئے بھی بجلی نرخوں میں 32 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے جو 71روپے سے کم کر کے 39 روپے ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری زبان پچھلی حکومت کی طرح نہیں ،ہم زبان کے پکے ہیں۔
اس سے قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے قیمتیں برقرار رکھیں تھیں اور وزیراعظم نے کہا تھا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی کےنرخوں میں کمی کی صورت میں دیا جائے گا۔