26 مارچ ، 2025
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کیویز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 128 رنز اسکور کیے تھے۔
جواب میں کیوی بلے بازوں نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز کا ہدف 10 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پاکستانی اننگز:
ویلنگٹن ریجنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی اوپنرز ناکام ہوگئے اور دونوں 23 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
حسن نواز کو صفر پر جب کہ محمد حارث کو 11 رنز پر پویلین واپس جانا پڑا۔ اس کے بعد عمیر بن یوسف اور عثمان خان دونوں 7,7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عبدالصمد 4، شاداب 28، جہانداد 1، سلمان علی آغا 51 جب کہ صفیان مقیم اور محمد علی صفر ہی بناسکے۔ حارث رؤف 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم (جمی نیشم) نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ جیکب ڈفی 2 ، بین سیرز اور ایش سوڈھی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز:
کیویز کی جانب سے اوپنر ٹم سیفرٹ جارحانہ 38 گیندوں پر 97 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے، اس کے علاوہ فن ایلن 27 اور مارک چیپمین 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں صفیان مقیم نے حاصل کیں۔
ٹیم سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کیا گیا، پاکستان ٹیم میں عمیر بن یوسف،عثمان خان،جہانداد خان،سفیان مقیم،محمد علی کی شمولیت ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ قومی ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا سمیت حسن نواز، شاداب خان اور حارث رؤف بھی شامل ہیں۔