26 مارچ ، 2025
وزیر ریلوے حنیف عباسی نےکل سے بلوچستان میں ٹرین سروس کی بحالی کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس کل پشاور سےکوئٹہ کے لیے روانہ ہوگی جب کہ کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس ٹرین سروس جمعہ کے روز سے چلائی جائےگی، مسافروں کو سکیورٹی فراہم کی جائےگی۔
انہوں نےکوئٹہ سےکراچی کے لیے بولان میل بھی روزانہ کی بنیادپر چلانے کااعلان کیا۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملےکا واقعہ بہت افسوسناک تھا، سکیورٹی اداروں نے فوری رسپانس دیا، خودکش بمباروں کو قابو کیا، یہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کی معراج تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے ڈی ایس اور پوری ٹیم کو لوگوں کو ریسکیو کرنے اور ٹریک کی بحالی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے سکیورٹی کے ایشوزہیں، ریلوے اسٹیشنوں میں اسکینر نہیں ہیں، دیگر مسائل ہیں، ریلوے پولیس میں 500 لوگوں کی تعیناتی کی جائےگی اور اس کے علاوہ 1000لوگ بھرتی کریں گے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں چلنے والی ٹرینوں کی تعداد کو 2003,2004کی پوزیشن پر لائیں گے، ان شاء اللہ ہم نے مسافروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنی ہے۔