27 مارچ ، 2025
سعودی ماہرین فلکیات کی جانب سے سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آنے سے متعلق پیشگوئی کی گئی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین فلکیان کا کہنا ہے کہ شوال کا چاند 29 رمضان کو نظر آنے کا امکان ہے۔
سعودی ماہرین فلکیات کے مطابق ہفتہ 29 رمضان کو دن 2 بجے چاند کی پیدائش ہوگی اور سورج غروب ہونے کے بعد شوال کاچاند 8 منٹ تک دیکھا جاسکےگا۔
دوسری جانب پاکستان کے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے اعلامیے کے مطابق سعودی عرب میں 29 مارچ کو چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، مکہ میں غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 5 گھنٹے ہوگی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب اور مشرقِ وسطیٰ میں ہلال 30 مارچ کو نظر آئے گا اسی طرح سعودی عرب میں بھی عید الفطر 31 مارچ 2025 کو منائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عید الفطر 31 مارچ بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔