28 مارچ ، 2025
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نےکہا ہے کہ پارٹی میں کسی سطح پر فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، ایسی باتیں غیر ضروری، غلط اور حقائق کے برعکس ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں صوبے یا قومی اسمبلی سطح پر فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، اس سے پہلے بھی پنجاب سے متعلق فارورڈ بلاک کی باتیں سامنے آتی رہی ہیں، تحریک انصاف متحد اور بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں یکجا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہےجس میں اختلاف رائے ہوتا ہے، اختلاف رائےکا مطلب یہ نہیں کہ کوئی فارورڈ بلاک ہے، پارٹی میں ہر ورکر اور عہدیدار کو اپنے اظہار کی مکمل آزادی ہے، اظہار رائے کوپارٹی کےاختلاف کے طورپرنہیں سمجھا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کا کمیٹی میں ہونایا نہ ہونا یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔