29 مارچ ، 2025
کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کام کے دوران گیس لائن میں آگ لگ گئی۔
کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب لگی آگ پر 5 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا ، 6 فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر گیس لائن میں لگی، آگ تیسرے درجے کی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے لیے شہر بھر سے فائر بریگیڈ طلب کر لی گئی ہے، آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث فوم کا استعمال کیا جارہا ہے۔
فائر آفیسر محمد ظفر کا کہنا ہے کہ آگ پراسرار ہے ،سمجھ نہیں آرہا کہ لائن کس کی ہے، آگ پرپانی پھینکا جا رہا تھا مگر وہ اڑ کر واپس آرہا ہے ، ایس ایس جی سی کا عملہ بھی پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ آگ جس گڑھے سے نکل رہی ہے اسے مٹی ڈال کر بند کرنے کی ضرورت ہے ، ڈمپر یا ہیلی کاپٹر کے ذریعے مٹی پھینکنے کی ضرورت ہے۔
آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل ڈیفنس فیز 8 سمیت مختلف علاقوں سے دیکھے جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق آگ گیس پائپ لائن میں ہی لگی، پانی کی بورنگ کے دوران گیس لائن کو نقصان پہنچا۔
گورنرسندھ کی آگ پر قابو پانے کیلئے ہیلی کاپٹرکی فوری فراہمی کی ہدایت
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے فون پر رابطہ کرکے کورنگی کراسنگ میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹرکی فوری فراہمی ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے۔
گورنرسندھ نےچیف فائر آفیسر اور موقع پر موجود انجینئر سے بھی گفتگو ہوئی۔
کامران ٹیسوری نے فائر آفیسر کو ہیلی کاپٹر کی فراہمی کیلئے متعلقہ حکام سے رابطے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ فائربریگیڈ کے عملے کو آگ بجھانے کیلئے ہر ممکن سہولت دی جانی چاہیے۔