یہ ویڈیو 2024 سے آن لائن موجود ہے، جب ٹرمپ نے فلوریڈا میں سمندری طوفان ’ملٹن‘ سے متاثرہ افراد کے لیے پیغام ریکارڈ کیا تھا۔
29 مارچ ، 2025
سوشل میڈیا پر 10 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جانے والی ایک مختصر ویڈیو میں مبینہ طور پر امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو پاکستان کے عیسائیوں کے ساتھ سلوک پر تنقید کرتے اور تمام مسیحی خاندانوں کو ملک سے منتقل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دعویٰ غلط ہے۔
ویڈیو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی۔
22 مارچ کو ایک انسٹاگرام صارف نے 24 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا: ”مجھے پتا ہے کہ پاکستان میں عیسائی بہت مشکل زندگی گزار رہے ہیں، ان کے خلاف توہین مذہب کے جھوٹے الزامات لگائے جاتے ہیں، عیسائی لڑکیوں کو زبردستی اسلام قبول کرایا جاتا ہے اور انہیں توہین آمیز ناموں جیسے عیسائی اور چوڑھا سے پکارا جاتا ہے، اگر پاکستانی حکومت ان ناانصافیوں کا خاتمہ نہیں کرتی، تو میں تمام پاکستانی عیسائیوں کو امریکہ لے آؤں گا۔“
ویڈیو میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ تقریر بی بی سی نیوز پر نشر کی گئی تھی۔ انسٹاگرام پوسٹ نے 12 لاکھ سے زیادہ ویوز حاصل کیے ہیں اور اسے 33 ہزار سے زائد مرتبہ شیئر کیا گیا ہے۔
اسی طرح کے دعوے فیس بک، ٹک ٹاک، اور یوٹیوب پر بھی گردش کر رہے ہیں، جہاں صارفین کو یقین ہے کہ ٹرمپ نے یہ بیان دیا تھا۔
ویڈیو ایک ڈیپ فیک ہے جو AI ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے تخلیق کی گئی ہے، ایسی کوئی پریس ریلیز یا قابلِ اعتبار میڈیا رپورٹس نہیں ہیں جو یہ ظاہر کرتی ہوں کہ ٹرمپ نے پاکستان کے بارے میں ایسا کوئی بیان دیا ہو۔
ا Yandex کا استعمال کرتے ہوئے ایک ریورس امیج سرچ نے ظاہر کیا کہ یہ ویڈیو 10 اکتوبر 2024 سے آن لائن موجود ہے، جب ٹرمپ نے فلوریڈا میں سمندری طوفان ملٹن سے متاثر ہونے والوں کے لیے ایک پیغام ریکارڈ کیا تھا۔
ان کی تقریر کو غلط طریقے سے پیش کرنے کے لیے فوٹیج میں تبدیلی کی گئی ہے، کیونکہ اس خطاب میں ٹرمپ نے پاکستان کا کوئی ذکر نہیں کیا تھا۔
2024 کا اصل ویڈیو پیغام یہاں دیکھا جا سکتا ہے:
جیو فیکٹ چیک نے بھی ایسی کوئی حالیہ پریس ریلیز یا میڈیا رپورٹس تلاش کیں جو یہ ظاہر کرتی ہوں کہ ٹرمپ نے ایسا بیان دیا ہو لیکن کوئی نہیں ملی۔
اس کے علاوہ، اسلام آباد میں قائم میڈیا کی خواندگی اور ترقی کےلیے کام کرنے والے ایک غیر منافع بخش ادارے میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی (MMfD) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور بانی اسد بیگ نے جیو فیکٹ چیک کی درخواست پر ویڈیو کا تجزیہ کرتے ہوئے بتایا کہ ”یہ ویڈیو واضح طور پر جعلی ہے۔
“ انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو میں چہرے کے تاثرات، آواز اور لہجہ ڈونلڈ ٹرمپ سے میل نہیں کھاتے۔
فیصلہ: وائرل ویڈیو ایک ڈیپ فیک ہے اور اس میں ٹرمپ سے جھوٹے بیانات منسوب کیے گئے ہیں، اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ انہوں نے پاکستانی عیسائیوں کے بارے میں ایسی کوئی بات کی ہو۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرامgeo_factcheck @پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔