29 مارچ ، 2025
کراچی میں بجلی کی تقسیم کار نجی کمپنی کے الیکٹرک نے وزیر اعظم شہباز شریف کے سردیوں کیلئے متعارف بجلی سہولت پیکج کے اعدادوشمار جاری کر دیے۔
کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر شعبہ ابلاغیات محمد عمران رانا نے میڈیا سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہاکہ بجلی سہولت پیکج میں صنعتی، تجارتی اور گھریلو صارفین کو اضافی یونٹس کے استعمال پر 26.07 روپے فی یونٹ ادائیگی کرنا تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ کے الیکٹرک کے صنعتی صارفین کو بجلی سہولت پیکج سے 25 فیصد بچت ہوئی، اس سہولت پیکج میں صنعتوں نے 60 فیصد، تجارتی 21 فیصد اور گھریلو صارفین نے 19 فیصد اضافی یونٹس استعمال کیے۔
انہوں نے کہاکہ دسمبر 2024 سے فروری 2025 کے دوران بجلی سہولت پیکج میں 104.88 ملین اضافی یونٹس استعمال ہوئے اور کے الیکٹرک کے 7لاکھ 37 ہزار سے زائد صارفین نے بجلی سہولت پیکج سے دو ارب روپے سے زائد کی بچت حاصل کی۔
عمران رانا کا کہنا تھاکہ بجلی سہولت پیکج سے سیمنٹ، اسٹیل، کیمیکلز اور دیگر صنعتوں نے فائدہ اٹھایا، بجلی سہولت پیکج کا مقصد سردیوں میں بجلی کی کھپت میں اضافہ کرنا تھا، اگر حکومت بجلی کے رعایتی پیکج دیتی ہے تو کراچی کی صنعتیں اس سے فایدہ اٹھانے کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں جب بجلی کی طلب کم ہو جاتی ہے تو اس طلب کو بڑھانے کیلئے خصوصی پیکج ڈیزائن کیا گیا۔
کے الیکٹرک کا عزم ہے کہ وہ کراچی کی صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کے ذریعے ترقی کا سفر جاری رکھے، وزیر اعظم شہباز شریف کی توجہ بھی ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو بڑھانے پر مرکوز ہے، بجلی کے آف پیک سیزن میں صارفین کو سستی بجلی کا فائدہ پہنچایا۔