31 مارچ ، 2025
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنماؤں کو غزہ سے نکلنے کی پیشکش کردی لیکن ساتھ ایک شرط بھی رکھ دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اتوار کو حماس کے رہنماؤں کو غزہ چھوڑنے کی پیشکش کی، لیکن شرط رکھی کہ مسلح گروپ اپنے ہتھیار ڈال دے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ ہم جنگ کے دوران مذاکرات کر رہے ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ حماس کے مؤقف میں دراڑیں پڑ رہی ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ حماس اپنے ہتھیار ڈال دے تو اس کے رہنماؤں کو غزہ چھوڑنے کی اجازت دے دی جائے گی۔
اسرائیلی وزیراعظم کی فلسطینیوں کی جبری بےدخلی کے ٹرمپ منصوبے پر عمل کرنے کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملے بھی کیے جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عید کے دن بھی غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے ہوئے، عید مناتے فلسطینیوں پر بمباری کی گئی جس میں بچوں سمیت مزید 30 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی فضائی حملے میں ایک گھر اور بے گھر فلسطینیوں کے لیے لگائے گئے خیمے کو نشانہ بنایا گیا۔