31 مارچ ، 2025
غزہ میں ایک ہفتے قبل اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے 15 فلسطینی امدادی کارکنوں کی لاشیں مل گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلال احمر کی ایمبولینسیں، فائر ٹرک اور اقوام متحدہ کی گاڑی ایک ہفتے پہلے رفح کے نزدیک اسرائیلی حملےکی زد میں آئی تھی۔
غزہ میں اقوام متحدہ کے انسانی امور کے دفتر (او سی ایچ اے)کی جانب سے تصدیق کی گئی ہےکہ لاپتہ ہونے والے 15 امدادی کارکنوں کی لاشیں مل گئی ہیں۔
تمام 15 افراد کی لاشیں رفح کے علاقے تل السلطان میں ریت میں دبی ملی ہیں۔ برآمد شدہ 15 لاشوں میں 8 فلسطینی ہلال احمر، 6 فلسطین سول ڈیفنس اور ایک اقوام متحدہ کا کارکن ہے۔
لاشوں کے قریب امدادی کارکنوں کی ایمبولینسیں، فائر ٹرک اور اقوام متحدہ کے نشان والی گاڑی بھی موجود تھی۔
عرب میڈیا کے مطابق ایک ہفتہ قبل یہ کارکن رفح کے علاقے تل السلطان میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے پہنچے تھے کہ صیہونی فوجیوں کی براہ راست گولیوں کا نشانہ بن گئے۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈکریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی) نے امدادی کارکنوں کے قتل پر گہرے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ امدادی کارکن زخمیوں کی مدد کرنے جارہے تھے، ان کی جیکٹس کی وجہ سے انہیں دور سے ہی باآسانی شناخت کیا جاسکتا تھا، ان کی گاڑیوں پر ہلال کا نشان بھی واضح تھا۔
آئی ایف آر سی کے مطابق تمام لاشوں کو 7 دن بعد رفح کے اس علاقے تک رسائی ملنے پر نکالا گیا ہے۔
آئی ایف آر سی کا کہنا ہےکہ حالیہ تنازع کے بعد سے فلسطینی ہلال احمر کے 30 رضا کار شہید ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت میں 50 ہزار سے زائد شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں کم ازکم ایک ہزار 60 طبی کارکن شامل ہیں۔