03 اپریل ، 2025
دنیا کے مختلف ممالک نے امریکا کے جوابی ٹیرف کو غیر ضروری اور خطرہ قرار دیتے ہوئے منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا جس پر مختلف ممالک کی جانب سے ردعمل سامنے آیا ہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنے نے امریکی ٹیرف کیخلاف جوابی اقدامات کا اعلان کیا ہے جبکہ آسٹریلیا نے امریکا کے جوابی ٹیرف کو غیرضروری قرار دیا ہے۔
اسی حوالے سے اطالوی وزیراعظم نے کہا کہ یورپی یونین پر امریکی ٹیرف غلط ہے جبکہ آئرلینڈ کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو امریکی ٹیرف کا مناسب جواب دینا چاہیے۔
اس کے علاوہ چین نے امریکی ٹیرف کو عالمی اقتصادی ترقی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکا سے نئے ٹیرف فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
چینی وزارت تجارت نے کہا کہ نئے ٹیرف سے خود امریکی مفادات اور عالمی سپلائی چین کو نقصان پہنچے گا، امریکا تجارتی شراکت داروں کے ذریعے اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرے جب کہ برطانوی وزیر تجارت نے کہا کہ امریکی ٹیرف کے باوجود امریکا کے ساتھ اقتصادی معاہدے کیلئے پرعزم ہیں۔
ادھر خبرایجنسی کے مطابق برازیلین پارلیمینٹ نے ٹرمپ ٹیرف سے نمٹنے کیلئے قانون کی منظوری دے دی۔
دوسری جانب امریکی وزیرخزانہ نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرف عائدکیے جانے کیخلاف ممالک انتقامی کارروائی سے گریزکریں۔
امریکی وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ میرا ہر ملک کو مشورہ ہےکہ جوابی کارروائی نہ کریں کیونکہ امریکی ٹیرف کے خلاف جوابی کارروائی سےکشیدگی بڑھے گی۔