Time 03 اپریل ، 2025
دنیا

وارنٹ گرفتاری کے باوجود نیتن یاہو کا استقبال، ہنگری کا بین الاقوامی فوجداری عدالت سے نکلنے کا بھی اعلان

وارنٹ گرفتاری کے باوجود نیتن یاہو کا استقبال، ہنگری کا بین الاقوامی فوجداری عدالت سے نکلنے کا بھی اعلان
ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان اسرائیلی وزیر اعظم کا استقبال کررہے ہیں— فوٹو: فائل

ہنگری کی حکومت نے  بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

یہ فیصلہ ہنگری کے وزیاعظم وکٹر اوربان کی جانب سے اسرائیلی ہم منصب بن یامین نیتن یاہو کے ہنگری پہنچنے پر استقبال سے قبل سامنے آیا۔

آئی سی سی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف غزہ جنگ میں مبینہ جنگی جرائم پر وارنٹ گرفتاری جاری کررکھا ہے۔

ہنگری کے وزیراعظم کے چیف آف اسٹاف گیرگے گُلیاس نے جمعرات کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم فیس بک پر اعلان کیا کہ ہنگری بین الاقوامی فوجداری عدالت سے نکل رہا ہے اور یہ کہ حکومت جمعرات کو آئینی اور بین الاقوامی قانونی دائرہ کار کے مطابق انخلا کا عمل شروع کرے گی۔

گزشتہ سال نومبر میں نیتن یاہو کے خلاف آئی سی سی کے وارنٹ جاری ہونے کے فوراً بعد ہنگری کے وزیر اعظم نے انہیں دورے کی دعوت دی تھی۔

رواں سال فروری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کریم خان پر پابندیاں عائد کیں تو وکٹر اوربان نے اس وقت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا یہ وقت ہے کہ ہنگری اس بات پر غور کرے کہ ہم ایک ایسے عالمی ادارے کا حصہ کیوں ہیں جو امریکی پابندیوں کی زد میں ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ہنگری کی پارلیمنٹ میں وکٹر اوربان کی جماعت کو اکثریت حاصل ہے جس کے باعث امکان ہے کہ جلد ہی اس انخلا کے بل کی منظوری دے دی جائے گی، تاہم کسی بھی ملک کا آئی سی سی سے باضابطہ انخلا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو رسمی خط جمع کرانے کے ایک سال بعد نافذ العمل ہوتا ہے۔ اب تک صرف برونڈی اور فلپائن ہی آئی سی سی سے باضابطہ طور پر علیحدہ ہوئے ہیں۔

ادھر آئی سی سی نے ہنگری کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ عدالت کے ساتھ تعاون کرنے کا پابند ہے۔ عدالت کے ترجمان فادی عبد اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ عدالت یاددہانی کرواتی  ہے کہ ہنگری پر اب بھی اس کے ساتھ تعاون کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔


مزید خبریں :