Time 04 اپریل ، 2025
پاکستان

پی ٹی آئی احتساب کمیٹی کا تیمور جھگڑا کیخلاف تحقیقات کیلئے عمران خان سے اجازت لینے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف کی احتساب کمیٹی نے خیبرپختونخوا کے سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑاکے خلاف مکمل تحقیقات کیلئے پارٹی کے بانی عمران خان سے اجازت لینے کا فیصلہ کرلیا۔

احتساب کمیٹی کے مطابق عمران خان سے اجازت ملتے ہی محکمہ خزانہ اور صحت میں مبینہ کرپشن اور بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیمورجھگڑا کے سوشل میڈیا پر کانفیڈینشل دستاویزات شیئر کرنے پر کمیٹی میں سخت تشویش پائی جاتی ہے اور کمیٹی بانی پی ٹی آئی سے تیمور جھگڑا کے خلاف انضابطی کارروائی کی سفارش بھی کرے گی۔

ذرائع نے بتایاکہ تیمور سلیم جھگڑا نے سوالنامے کے جواب میں کمیٹی پرعدم اعتماد کااظہارکیاتھا، کمیٹی نے عدم اعتماد کے بعد تیمور جھگڑا کو تحقیقات روکنے اور بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کرنے کا پیغام دیا۔

ذرائع کے مطابق تیمورجھگڑا نےکمیٹی کے جواب پر واٹس ایپ گروپ میں شکریہ بھی ادا کیا۔ احتساب کمیٹی نے تیمورجھگڑا کو مبینہ کرپشن اور بےقاعدگیوں سے متعلق سوالنامہ بھیجاتھا جس میں پوچھا گیا تھاکہ بطور وزیرخزانہ آپ کے دور میں صوبہ کئی بار تقریباً دیوالیہ ہوا، پنشن اور گریجویٹی کی مد میں پڑے پیسوں میں سے 36 ارب روپے نکالے گئے اور محکمہ صحت سے جاری رقوم کی چھان بین محکمہ خزانہ سے نہیں کرائی گئی۔

سوالنامے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ میں بڑی تعداد میں تقرریاں کی گئیں جن میں کچھ آپ کےرشتہ داربھی تھے۔

مزید خبریں :