کاروبار

پاکستانی مصنوعات امریکی ٹیرف کا معاملہ، حکومت نے مؤثر حکمت عملی تیار کرلی

پاکستانی مصنوعات امریکی ٹیرف کا معاملہ، حکومت نے مؤثر حکمت عملی تیار کرلی
وزیراعظم شہباز شریف نے 2 اعلیٰ سطح کی ٹیمیں بنادیں اور ان کی ہدایت پر اسٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا— فوٹو:فائل

حکومت نے پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد امریکی ٹیرف عائد ہونے کے معاملے پر مؤثر حکمت عملی تیار کرلی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 2 اعلیٰ سطح کی ٹیمیں بنادیں اور ان کی ہدایت پر اسٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا۔

دونوں ٹیمیں امریکا کے ساتھ اضافی ٹیرف کے معاملے پر مذاکرات کریں گی۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب 12 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینر جبکہ سیکرٹری تجارت جواد پال کو ورکنگ گروپ کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔

اسٹیئرنگ کمیٹی ٹیرف کے معاملے پر قائم ورکنگ گروپ کی نگرانی کرے گی۔ 19 رکنی ورکنگ گروپ میں متعلقہ سیکرٹریز،کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔ کمیٹی ممبران میں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے معاون خصوصی، چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری خارجہ، امریکا میں سفیر، ڈبلیوٹی او میں نمائندے، ڈاکٹر اعجاز نبی منسٹرٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ واشنگٹن اور سیکرٹری تجارت بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

وزیراعظم کو امریکی ٹیرف کے معاملے پر پیشرفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔

اسٹیئرنگ کمیٹی کے ٹرم آف ریفرنس بھی جاری کردیے گئے، ورکنگ گروپ امریکی ٹیرف کا تجزیہ کرکے سفارشات مرتب کرے گا، امریکی اضافی ٹیرف سے پاکستانی مصنوعات پرممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے گا اور ورکنگ گروپ بدلتے عالمی تجارتی حالات میں دستیاب مواقع کا بھی تجزیہ کرے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا۔

امریکی صدر نے پاکستانی مصنوعات پر بھی 29 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو 9 اپریل سے نافذ العمل ہو گا۔

 یورپی یونین پر 20 فیصد، چین پر 34 فیصد اور جاپان پر 24 فیصد ٹیرف، بھارت پر 26 فیصد اسرائیل پر 17 فیصد اور برطانیہ پر 10 فیصد ٹیرف عائد ہوگا۔

مزید خبریں :