Time 05 اپریل ، 2025
پاکستان

کراچی: ٹریلر کی کار کو ٹکر پر کار سوار خاتون نے فائرنگ کردی

کراچی کے علاقے عیسٰی نگری کے قریب ٹریلر کی ٹکر  پر کار سوار خاتون نے فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق عیسٰی نگری کے قریب ٹریلر سے گاڑی کو ٹکر لگی، حادثےکے بعد کار سوار خاتون کار سے اتری اور ڈرائیور پرگولیاں چلادیں۔

پولیس کے مطابق ڈرائیور ٹریلر سے اتر کر بھاگا اور پولیس کے پیچھے چھپ گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ خاتون اور ٹریلر ڈرائیور زیرحراست ہیں اور دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایک ہی ایف آئی آر میں دونوں افراد کو نامزد کردیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق عیسٰی نگری کٹ کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، دونوں افراد غفلت اور لاپرواہی سےگاڑی چلا رہے تھے، ٹریلر نے آگے نکلنےکی کوشش کی تو گاڑی کو سائیڈ لگی،  خاتون نے طیش میں آکر پستول نکالا اور ہوائی فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق خاتون نے نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی موقع پر پیش کیا تاہم خاتون کا اسلحہ لائسنس 31 دسمبر 2023 کو ایکسپائر ہوچکا ہے، خاتون کے اسلحہ لائسنس کے اصل ہونے کی تصدیق بھی کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :