07 اپریل ، 2025
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دکانوں پر ہر نئے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی خرید و فروخت کا ریکارڈ بنانےکی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت امن امان کی صورتحال پراجلاس ہوا جس میں شرجیل میمن، ضیاء لنجار، آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نےکہا کہ صوبے بھر میں امن و امان کو ہر صورت بہتر کیا جائےگا۔وزیراعلیٰ نے لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں پولیسنگ کو مزید مؤثر اور مستحکم کرنے کی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ نےکہا کہ صوبے میں مکمل کاغذات والے موبائل فونز کی خرید وفروخت کی اجازت ہے،کراچی ملک کی بڑی موبائل مارکیٹ ہے،کاروبار کرنے والوں کو واضح پیغام دیں، دکانوں پر ہر نئے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی خرید و فروخت کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب ہونا چاہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چوری کی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے اسپیئر پارٹس کی خرید و فروخت کے حوالے سے بھی اپنی ہدایات کی تفصیلات لیں۔
آئی جی پولیس نے بریفنگ دی کہ چوری کی گاڑیوں کے سامان کا کاروبار کرنے پر234 اسکریپ ڈیلرز کوگرفتار کیا گیا ہے، موبائل مارکیٹس ایسوسی ایشن کے ساتھ خرید و فروخت کی ایس او پی طے ہوچکی ہے، چوری شدہ موبائل فونز کی آئی ایم ایز کھولنےکا کام کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ سادہ کپڑوں میں مسلح افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، گاڑیوں میں سادہ لباس مسلح افراد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا۔