07 اپریل ، 2025
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے حالیہ ٹیرف کے اثرات دیگر ایشیائی اور خلیجی ممالک کی اسٹاک مارکیٹ کی طرح پاکستان میں بھی دکھائی دی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز کے پہلے ہی روز ابتدا سے شدید مندی دیکھنے میں آئی اور ایک موقع پر 100 انڈیکس میں 6250 سے زائد پوانٹس کی کمی دیکھی گئی۔
100 انڈیکس 6287 کی کمی کے ساتھ 112504 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا جس کے بعد کاروبار کو روک دیا گیا۔ بعد ازاں ٹریڈنگ میں تھوڑی بہتری آنے کے بعد کاروبار بحال ہوا تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 3882 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 114909 پوائنٹس پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے گئے ٹیرف کے باعث امریکی اسٹاک ایکسچینج میں صرف 2 روز میں سرمایہ کاروں کے 60 کھرب ڈالر ڈوب گئے تھے جبکہ آج ایشیائی مارکیٹ میں بھی شدید مندی دیکھی گئی، جاپان کا نکئی انڈیکس 9 فیصد نیچے آیا جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں 8 فیصد گراوٹ ہوئی۔
جنوبی کوریا میں شدید مندی کے خدشات پر ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی جبکہ آسٹریلین اسٹاک مارکیٹ میں 160 ارب ڈالرز کا خسارہ ہوا جہاں ٹریڈنگ شروع ہونے کے 15 منٹ میں بینچ مارک ایس اینڈ پی 6 فیصد نیچے آگیا۔
سعودی عرب کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاروں کے 500 ارب ریال ڈوب گئے۔ قطر،کویت، مسقط اور بحرین کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی گراوٹ دیکھی گئی۔