07 اپریل ، 2025
بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے مداح فلم ’سکندر‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد ان کے گھر پہنچ گئے۔
گزشتہ دنوں عید پر ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوگئی اور فلم اب تک 100 کروڑ کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکی۔
فلم کی ناکامی پر سلمان خان بھی فکر مند ہیں۔ فلم فلاپ ہونے پر سلمان خان کے مداح بھی ان سے ملنے ان کے گھر پہنچ گئے جہاں ان کی ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی، یہ ملاقات گلیکسی اپارٹمنٹ میں 5 اپریل کو ہوئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں سلمان، ان کی ٹیم بھی موجود تھی اور مداحوں نے کھل کر سکندر پر ناراضی کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈز بھی انہیں دکھائے۔
اس کے علاوہ فینز نے سکندر سے متعلق شکایت کی کہ فلم کی اسٹوری ہی نہیں مارکیٹنگ کا بھی یہی حال تھا، فلم پہلے ہی روز لیک ہوگئی تھی اور اس کی ساجد ناڈیاڈ والا کی ٹیم سے شکایت کی لیکن اس کو سنجیدہ نہیں لیا گیا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سلمان خان نے مداحوں سے ملاقات میں تسلیم کیا کہ شروع سے ہی لگ رہا تھا کہ فلم سکندر کے ساتھ کچھ تو گڑ بڑ ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فینز نے سلمان خان سے درخواست کی کہ علی عباس اور کبیر خان جیسے ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کریں، اس کے علاوہ مشورہ بھی دیاکہ شاہ رخ خان کی منیجر پوجا دادلانی کنگ خان اور ان کے مداحوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہیں، سلمان کو بھی ایسی ہی انسان کو رکھنا چاہیے جو مداحوں کو سلمان خان اور سلمان خان کو مداحوں کا پیغام پہنچائیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ میٹنگ ایک گھنٹے تک جاری رہی، سلمان خان نے مداحوں سے وعدہ کیا کہ ان سب مسائل پر دھیان دیں گے اور وہی فلم کریں گے جو مداح چاہیں گے۔