07 اپریل ، 2025
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی دولت کا محض ایک فیصد حصہ اپنے بچوں کے لیے چھوڑ کر جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے ورثے میں ملنے والی دولت کی بجائے زندگی میں اپنے بل پر کامیابی حاصل کریں۔
گزشتہ دنوں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ 'ہر فرد اس بارے میں فیصلہ کرنا چاہتا ہے، میرے معاملے میں میرے بچوں کی بہت اچھی پرورش ہوئی اور انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، مگر وہ میرے بعد میری دولت کا محض ایک فیصد حصہ حاصل کریں گے کیونکہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی حمایت نہیں کروں گا'۔
بل گیٹس نے کہا کہ 'میں نے انہیں مائیکرو سافٹ چلانے کا نہیں کہا، میں چاہتا ہوں کہ وہ زندگی میں کامیابی حاصل کرکے خود کمائیں'۔
اس سے قبل بل گیٹس نے ماضی میں کہا تھا کہ وہ اپنے ہر بچے کو ایک کروڑ ڈالرز تحفے کے طور پر دیں گے اور انہیں مزید کچھ نہیں دیا جائے گا۔
مگر نئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ 'آپ نہیں چاہتے کہ بچے آپ کی سپورٹ اور محبت کے باعث الجھن کا شکار ہو جائیں، تو میرے خیال میں آپ کو بچپن میں ہی انہیں اپنے خیالات سے آگاہ کر دینا چاہیے اور ان سے مساوی سلوک کرتے ہوئے زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے بہترین مواقع فراہم کرنے چاہیے'۔
بلومبرگ بلین ائیر انڈیکس کے مطابق بل گیٹس ابھی 162 ارب ڈالرز کے مالک ہیں تو ان کی ایک فیصد دولت بھی 1.62 ارب ڈالرز بنتی ہے۔
خیال رہے کہ بل گیٹس کے 3 بچے ہیں اور کچھ عرصے قبل ایک انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ جب وہ دنیا سے چلے جائیں گے تو کیا ان کے بچے غریب ہو جائیں گے؟ تو بل گیٹس نے جواب دیا تھا کہ وہ تینوں کے لیے مناسب رقم چھوڑ کر جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ایسا نہیں ہوگا، میں ان کے نام بہت زیادہ رقم تو نہیں کروں گا مگر انہیں کوئی کمی محسوس نہیں ہوگی'۔
بل گیٹس اپنی باقی دولت وہ اپنے فلاحی ادارے کے نام کریں گے تاکہ امراض کی روک تھام اور غربت کے خاتمے پر کام جاری رہے۔