08 اپریل ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف کے بعد معاشی بےیقینی سے دوچار امریکیوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے بالکل گھبرانا نہیں ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چند روز قبل چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف نافذ کیا گیا تھا۔
ٹرمپ کی طرف سے درآمدات پر ٹیرف بڑھانے سے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں تباہی پھر گئی، یورپ، امریکا اور ایشیا کی اسٹاک مارکیٹیں تباہ ہو برباد ہو گئیں اور سرمایہ کاروں کے کھربوں ڈالر ڈوب گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق امریکا میں کساد بازاری کا خدشہ 60 فی صد تک بڑھ گیا ہے اور امریکی کساد بازاری عالمی کساد بازاری میں بدل سکتی ہے۔
کمزور اور بے وقوف نہ بنیں، صبرکریں اورحوصلہ کریں: ٹرمپ کا امریکیوں کو مشورہ
ایسی صورتحال میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے،کمزور اور بے وقوف نہ بنیں، صبرکریں اورحوصلہ کریں ،عظمت آپ کا مقدر بنے گی۔
اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی کےسوال پر امریکی صدر ناراض ہوگئے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے صحافی کے سوال کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی چیز کو گرانا نہیں چاہتے ، لیکن کبھی کبھار کچھ ٹھیک کرنے کے لیے آپ کو دوا لینا پڑتی ہے۔
چین سے متعلق سوال پربولے،جب تک چین کے ساتھ تجارتی خسارے کا معاملہ حل نہیں کرلیتے ڈیل نہیں ہوگی۔
دوسری جانب گیلپ سروے کے مطابق تجارتی پالیسیوں کے باعث امریکی صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں 4 فیصد کمی آئی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کی مقبولیت 47 فیصد سے گھٹ کر 43 فیصد ہوگئی ہے۔