Time 08 اپریل ، 2025
انٹرٹینمنٹ

ملائیکہ اروڑا کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری، وجہ بھی سامنے آگئی

ملائیکہ اروڑا کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری، وجہ بھی سامنے آگئی
اس سے قبل 15 مارچ کو بھی اداکارہ کے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ جاری ہو چکے ہیں__فوٹو: فائل

بالی وڈ کی معروف  اداکارہ ملائیکہ اروڑا کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کی عدالت نے ملائیکہ کے خلاف سیف علی خان 2012 ہوٹل حملہ کیس میں بطور گواہ مسلسل غیر حاضری پر قابلِ ضمانت وارنٹ دوبارہ جاری کیے ہیں۔

یہ وارنٹ گزشتہ روز جاری کیے گئے اور عدالت نے رواں ماہ کے اختتام تک قابلِ ضمانت وارنٹ کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز سیف علی خان سمیت تمام ملزمان نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی اور غیر حاضر رہے جسے عدالت نے منظور کر لیا تھا۔

ملائیکہ اروڑا کو پہلے بھی عدالت میں پیش ہونا تھا مگر وہ غیر حاضر رہیں جس پر عدالت نے اداکارہ کے خلاف 5 ہزار روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹ دوبارہ جاری کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 15 مارچ کو بھی اداکارہ کے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔ اس وقت عدالت نے ملائیکہ کی بہن اداکارہ امریتا اروڑا کے ساتھ ساتھ ایک اور دوست فرخ واڈیا کے بھی وارنٹ جاری کیے تھے۔

یہ کیس کیا ہے؟

گزشتہ سال شروع ہونے والے مقدمے کی کہانی 21 فروری 2012 کی رات کولابا کے ایک لگژری ہوٹل میں ہونے والے جھگڑے کے گرد گھومتی ہے۔ 

پولیس رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک جنوبی افریقی شہری اقبال شرما نے کھانے کے دوران سیف علی خان کے دوستوں کے گروپ کی جانب سے اونچی آواز میں بات کرنے اور شور شرابا کرنے پر اعتراض اٹھایا  جس کے بعد مبینہ طور پر گرما گرمی ہوئی جو ایک دوسرے پر تشدد پر ختم ہوئی۔

اقبال شرما نے سیف علی خان پر ناک پر گھونسہ مارنے کا الزام لگایا جس کے نتیجے میں ان کی ہڈی ٹوٹ گئی، مبینہ طور پر یہ جھگڑا اقبال شرما کے سسر رمن بھائی پٹیل تک بڑھا جن پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا تھا۔

اداکارہ ملائیکہ اروڑا جو سیف کے ان دوستوں کے گروپ کا حصہ تھیں،انہیں واقعے کے دوران موجودگی کی وجہ سے بطور گواہ طلب کیا گیا تھا لیکن ان کی مسلسل غیر حاضری کے سبب وارنٹ جاری کیے گئے۔

مزید خبریں :