08 اپریل ، 2025
بالی وڈ اداکارہ اور موجودہ سیاستدان جیا بچن کے شادی سے قبل ماضی کے سپر اسٹار راجیش کھنہ سے امیتابھ بچن کیلئے الجھ پڑنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راجیش کھنہ کو بالی وڈ کا پہلا سپر اسٹار تسلیم کیا جاتا ہے اور ماضی میں ایک ایسا وقت بھی گزر چکا ہے جب راجیش کے سامنے کوئی اور اداکار نہیں کھڑا ہوسکتا تھا کیوں کہ راجیش کے مداحوں کی ایک لمبی فہرست تھی۔
یہی وجہ تھی کہ راجیش کھنہ کے آگے ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز کی لائن لگی ہوتی تھی لیکن پھر امیتابھ بچن بالی وڈ کے افق پر چاند بن کر ابھرے اور راجیش کا ستارہ آہستہ آہستہ اپنی چمک کھونے لگا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں کیے گئے دعوے کے مطابق شاید یہی وجہ تھی کہ راجیش امیتابھ کے آگے خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے لیکن مقبولیت میں کمی کے باوجود راجیش کھنہ کے رویے میں کوئی بدلاؤ نہیں آیا اور نہ ہی انہوں نے اپنی فیس کم کی۔
بھارت کے مشہور فلمی جرنلسٹ علی پیٹر جوہن کا کہنا ہے کہ راجیش کھنہ کا کیرئیر ڈمپل کپاڈیہ سے شادی کے بعد زوال پذیر ہونا شروع ہوا،شادی کے بعد راجیش کے کیرئیر کا گراف نیچے چلا گیا لیکن انہوں نے اپنی فیس کم نہیں کی اور نہ ہی ان کے رویے میں کوئی تبدیلی دیکھنے میں آئی، حتیٰ کہ بتایا جاتا ہے کہ راجیش کھنہ نے نہ صرف امیتابھ کے کیرئیر بلکہ ان کی ذاتی زندگی میں بھی مداخلت شروع کردی تھی۔
علی پیٹر جوہن نے کہا کہ راجیش کھنہ نے جیا بھادوری سے کہا تھا کہ تم اس شخص کے ساتھ کیوں گھومتی ہو؟ اس کے ساتھ تمہارا کچھ نہیں ہوسکتا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم باورچی کے سیٹ پر راجیش کھنہ نے امیتابھ کو کئی مرتبہ نظر انداز کیا حتیٰ کہ ان کی بے عزتی بھی کی تھی جس پر جیا ناراض ہوگئی تھیں۔
اس وقت جیا نے راجیش کھنہ کو کوستے ہوئے کہا تھا کہ ایک دن آپ دیکھیں گے کہ وہ کہاں ہوں گے اور آپ کہاں ہوں گے تاہم بعد میں وقت نے جیا کے الفاظ سچ ثابت کیے اور راجیش کھنہ کا سورج غروب ہونے لگا جب کہ امیتابھ کو آج صدی کا سپر اسٹار کہا جاتا ہے۔