08 اپریل ، 2025
ویسے تو بچوں کی والدین سے بحث ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں مگر جب کوئی اس کے بعد خود کو واشنگ مشین میں پھنسا لے وہ ضرور دنگ کر دینے والا ہے۔
جی ہاں واقعی ایسا عجیب اور مضحکہ خیز واقعہ چین میں سامنے آیا۔
مشرقی چین کے صوبے جیانگسو میں ایک 12 سالہ بچی کی اسکول کے ہوم ورک پر ماں سے بحث ہوگئی تھی۔
اس بحث کے بعد اپنا غصہ 'ٹھنڈا' کرنے کے لیے وہ بچی واشنگ مشین کے اندر داخل ہوگئی اور اس میں پھنس گئی، یعنی نکلنا ممکن نہیں رہا۔
کوشان نامی علاقے میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں چینی میڈیا نے بتایا کہ وہ بچی گھر کی واشنگ مشین میں اس وقت داخل ہوئی جب ماں کی توجہ اس پر نہیں تھی۔
اندر داخل ہونے کے بعد بچی کو فوری طور پر احساس ہوگیا کہ وہ اس میں پھنس گئی ہے اور حرکت بھی نہیں کرسکتی۔
اس نے فوری طور پر ماں سے مدد طلب کی اور ماں بھی اسے آزاد کرانے میں ناکام رہی، جس کے بعد خاتون نے ایمرجنسی سروسز کو کال کی۔
جب فائر فائٹرز گھر میں پہنچے تو بچی واضح طور پر تکلیف میں مبتلا تھی اور روتے ہوئے کہہ رہی تھی کہ 'مجھے بہت درد ہو رہا ہے'۔
چونکہ واشنگ مشین میں جگہ بہت تنگ تھی اور اسے باہر کھینچ کر نکالنے سے اس کے زخمی ہونے کا خطرہ تھا تو فائر فائٹرز نے پوری مشین کو ہی کھول دیا۔
اسکریو ڈرائیور سے انہوں نے مشین کے اوپری حصے کو ہٹایا اور پھر ہائیڈرولک کٹر سے انتہائی احتیاط کے ساتھ دیگر حصوں کو کاٹا۔
16 منٹ کی محنت کے بعد وہ بچی کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔