08 اپریل ، 2025
کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں بین الاقوامی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر مشتعل عوام نے دھاوا بول کر شیشے توڑ دیے۔
پولیس کے مطابق ڈیفینس خیابان اتحاد سگنل پر غیر ملکی فوڈ چین ریسٹورنٹ پر مشتعل افراد نے حملہ کیا اور توڑ پھوڑ شروع کر دی۔
ہنگامہ آرائی پر پولیس کی نفری طلب کر لی گئی، پولیس کے مطابق مشتعل افراد مبینہ طور پر فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق موقع سے شیشہ توڑنے والے ایک شخص کو ہتھوڑے سمیت گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔
گزشتہ روز سے اب تک بین الاقوامی فوڈ چین پر ہونے والا یہ چوتھا حملہ ہے۔ گزشتہ روز بھی شہر میں تین مختلف مقامات پر نامعلوم افراد نے غیر ملکی فوڈ چین ریسٹورنٹ پر حملہ کیا۔ نامعلوم افراد نے ریسٹورنٹس پر پتھروں ڈنڈوں سے توڑ پھوڑ کی جبکہ توڑ پھوڑ کے واقعات نیشنل اسٹیڈیم کے قریب، محمد علی سوسائٹی اور بہادر آباد چار مینار چورنگی پر پیش آئے۔