09 اپریل ، 2025
بھارت: شادی میں جوتا چھپائی کی رسم میں منہ مانگی قیمت نہ ملنے پر دلہن والوں نے دولہا کی پٹائی کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع بجنور میں شادی کی تقریب ہوئی، خوشیوں بھری تقریب کا ماحول اس وقت گرم ہوا جب جوتا چھپائی کی رسم میں دلہن والوں کی مانگ پوری نہیں کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد شبیر کا تعلق ریاست اتراکھنڈ سے ہے جو اپنی بارات لے کر بجنور گیا تھا، جوتا چھپائی کی رسم کے دوران دلہن والوں نے 50 ہزار کا تقاضہ کیا لیکن اپنی حیثیت کے مطابق دولہا نے 5 ہزار روپے دیے جو دلہن کے گھر والوں کو ایک آنکھ نہ بھائے۔
دلہن والوں کی جانب سے کچھ خواتین نے دولہا کو بھکاری کہنا شروع کردیا، جس کے بعد شبیر کو بھکاری کہنے پر دونوں خاندانوں میں جھگڑا ہوگیا جو جلد ہی ہاتھا پائی میں بدل گیا اور دولہے کو ایک کمرے میں بند کرکے لاٹھیوں سے مارا پیٹا گیا۔
بعدازاں دلہن والوں نے الزام عائد کیا کہ شبیر کی فیملی نے تحفے میں ملنے والے سونے کے معیار کے بارے میں پوچھا تھا اور انہیں لڑکی سے زیادہ پیسوں سے محبت تھی۔
مزیدبراں واقعے کا علم ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں خاندانوں کو تھانے بلا لیا گیا، جہاں تمام تر واقعہ سننے کے بعد دونوں خاندانوں کی صلح کروائی گئی۔