09 اپریل ، 2025
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان کو دوران زچگی ماؤں کی سب سے زیادہ اموات والے 4 ممالک میں شامل کرلیا۔
ادارے کے مطابق نائجیریا، بھارت، کانگو اور پاکستان اُن چار ممالک میں شامل ہیں، جہاں دنیا بھر سے دوران زچگی یا دوران حمل مسائل کے باعث ماؤں کی کل اموات کا 47 فیصد رپورٹ ہوا ہے۔
عالمی ادارہ صحت سمیت اقوام متحدہ کے تین اداروں کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق 2023 میں دنیا بھر میں دوران زچگی یا دوران حمل ماؤں کی 2 لاکھ 60 ہزار اموات رپورٹ ہوئیں جن میں صرف نائجیریا سے 75 ہزار مائیں دوران زچگی جان سےگئیں جو کل اموات کا 28.7 فیصد بنتا ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
2023 کے اسی عرصے میں بھارت اور کانگو میں 19، 19 ہزار مائیں بچوں کو جنم دیتے ہوئے موت کا شکار ہوئیں جب کہ پاکستان میں مجموعی طور پر 11 ہزار اموات ہوئیں، بھارت اور کانگو کا عالمی سطح پر دوران زچگی ہونے والی اموات میں 7.2 فیصد جب کہ پاکستان کا حصہ 4.1 فیصد رہا۔
رپورٹ کے مطابق 2023 میں دوران زچگی ماؤں کی 47 فیصد اموات صرف ان چاروں ممالک میں ہوئیں، زیادہ تر اموات بچے کی پیدائش کے دوران زیادہ خون بہنے، انفیکشن، ہائی بلڈ پریشر اور زچگی کے دوران مسائل کی وجہ سے ہوئیں۔
عالمی یوم صحت پر شائع رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ضروری صحت کی سہولیات تک بہتر رسائی کے باعث سال 2000 اور 2023 کے درمیان عالمی سطح پر دوران زچگی ماؤں کی اموات میں 40 فیصد کمی آئی لیکن اب بھی کافی چیلنجز ہیں اور صحت کی سہولیات میں مزید بہتری لا کر ماؤں کی اموات کو روکا جاسکتا ہے۔
رپورٹ میں اقوام متحدہ کے اداروں نے طبی کارکنوں پر زیادہ سرمایہ کاری کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ امداد میں غیر معمولی کٹوتیوں سے دوران زچگی اموات میں کمی لانےکی کوشش کو خطرہ ہوا ہے۔