10 اپریل ، 2025
بالی وڈ اداکار سنی دیول نے 32 برس بعد شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سن 1993 میں سنی دیول اور شاہ رخ خان نے فلم 'ڈر' میں ایک ساتھ کام کیا تھا جس میں سنی دیول نے مرکزی ہیرو اور شاہ رخ خان نے ولن کا کردار ادا کیا تھا جس پر کنگ خان کو خوب سراہا گیا۔
حال ہی میں میڈیا کی جانب سے سنی دیول سے سوال پوچھا گیا کہ آپ کس اداکار کے ساتھ دوبارہ کام کرنا چاہیں گے؟ اس کے جواب میں اداکار نے کہا کہ میں کسی کے ساتھ بھی کام کر لوں گا، شاہ رخ خان کے ساتھ ایک فلم کی تھی تو ایک اور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اچھا ہوگا کیونکہ وہ ایک مختلف دور تھا اور اب ایک مختلف دور ہے، پہلے ہمارے ڈائریکٹرز کا ہر چیز پر کنٹرول تھا لیکن آج کل ہمارے ہدایت کاروں کے پاس اتنا کنٹرول نہیں ہے اور کہانیاں ویسی بن بھی نہیں رہی ہیں، جو اداکاروں کی تصاویر کو درست ثابت کرے گی جب کہ وہ بہت ضروری ہے۔
واضح رہے کہ سنی دیول اپنی نئی فلم 'جٹ' کی پروموشن میں مصروف ہیں اور ان کی فلم بڑے پردے پر آج یعنی 10 اپریل کو دکھائی جائے گی۔