10 اپریل ، 2025
روزانہ کروڑوں افراد فضائی سفر کرتے ہیں، جس کے دوران انہیں ائیر پورٹ پر وقت گزارنے کا تجربہ بھی ہوتا ہے۔
کچھ ہوائی اڈے ان کو پسند نہیں آتے، کچھ اوسط درجے کے لگتے ہیں اور کچھ ان کو دلوں میں جگہ بنالیتے ہیں۔
مگر دنیا کا بہترین ائیر پورٹ ایسا ہے جہاں کئی گھنٹے گزار کر بھی لوگوں کا دل کرتا ہے کہ مزید کچھ وقت تک قیام کیا جائے۔
اسکائی ٹریکس نامی ایئرلائن کنسلٹنگ گروپ نے 2025 کے لیے دنیا کے بہترین ائیر پورٹس کی سالانہ فہرست جاری کی ہے، جس میں ایک ایشیائی ملک کا ائیر پورٹ نمبرون رہا ہے۔
درحقیقت گزشتہ چند برسوں سے دنیا کے بہترین ائیر پورٹ کی جنگ قطر اور سنگا پور کے درمیان ہوتی رہی ہے۔
گزشتہ سال قطر کے حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے دنیا کے بہترین ائیر پورٹ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا اور اس سال سنگاپور کے چانگی ائیر پورٹ نے دنیا کے بہترین ہوائی اڈے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے جبکہ قطر کے حصے میں دوسرا نمبر آیا۔
سنگا پور کے اس ائیرپورٹ نے مجموعی طور پر 13 ویں بار یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے اور اس سے قبل 2023 میں بھی وہ دنیا کا بہترین ائیرپورٹ قرار پایا تھا۔
آبشار اور گلاس برج سے لیس سنگاپور کا یہ ائیرپورٹ برسوں سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
اس ائیرپورٹ میں اسپاز (spas)، ہوٹلز، آرٹ گیلریز، ایک میوزیم، ایک سنیما اور ڈائناسور تھیم پارک بھی موجود ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کے 565 ائیر پورٹس میں دستیاب سہولیات جیسے ٹرمینل لے آؤٹ، وائی فائی کی دستیابی اور ریسٹورنٹس وغیرہ کے حوالے سے عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر یہ فہرست مرتب کی گئی ہے۔
جاپان کا ٹوکیو ہینیڈا ائیرپورٹ دنیا کا تیسرا بہترین ائیرپورٹ قرار پایا، جبکہ اسے دنیا کا سب سے بہترین صاف ستھرا ائیرپورٹ بھی قرار دیا گیا۔
جنوبی کوریا کے انچیون ائیرپورٹ کے حصے میں چوتھا نمبر آیا جبکہ ٹوکیو کا ناریتا ائیرپورٹ 5 ویں نمبر پر رہا۔
ہانگ کانگ انٹرنیشنل ائیرپورٹ دنیا کا چھٹا بہترین ہوائی اڈہ رہا جس کے بعد پیرس کا چارلس ڈیگال ائیر پورٹ 7 ویں پوزیشن اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔
روم کا Flumicino ائیرپورٹ 8 ویں، جرمنی کا میونخ ائیر پورٹ 9 ویں جبکہ سوئٹزر لینڈ کا زیورخ ائیر پورٹ 10 ویں نمبر پر رہا۔